بھٹکل:10/اگست (ایس اؤنیوز)خلیجی ممالک میں قیام پذیر (این آر آئیز)بھٹکلی احباب کی نمائندہ تنظیم ’’رابطہ سوسائٹی ‘‘کے زیر اہتمام کل بروز جمعہ شام 30-04بجے اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول میدان میں’’رابطہ تعلیمی ایوارڈ‘‘پروگرام منعقد ہوگا جس میں قومی و ملی اسکولوں کے ہونہار طلبا کو گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔ اس بات کی جانکاری ادارے کے سابق جنرل سکریٹری محی الدین رکن الدین نے دی ہے۔
جمعرات کو رابطہ سوسائٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں بتایاکہ پروگرام میں مہمان ِ خصوصی کے طور پرریاستی کابینہ کے وزیر برائے غذااور شہری سپلائی یوٹی قادر تشریف فرما ہوں گے، ساتھ ساتھعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے صدر اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ممبر ڈاکٹر محمد شکیل احمد صمدانی اور بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا بھی شرکت کریں گے۔
پروگرام میں سال 2016-2017کے ایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج میں ضلع میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرتے ہوئے پہلا مقام پانے والے طالب علم کو ضلعی ایوارڈ دیاجائے گا، اسی طرح بھٹکل کی سطح پر ملی اداروں کے ایس ایس ایل سی ، پی یو سی ، ڈگری اور مدرسہ تعلیم میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے طلبا کو رابطہ گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا ، انہوں نے بتایا کہ طلبا میں مسابقہ کو ترغیب دینے کے لئے اس طرح کے ایوارڈ ئیے جاتے ہیں۔
محی الدین رکن الدین نے بتایا کہ رابطہ سوسائٹی سال 1996سے تعلیمی میدان کی ترقی کی خاطر طلبا میں ایوارڈ کی تقسیم کرتی آرہی ہے۔ ہر سال کسی ایک اسکول کی سال بھر کی تعلیمی ترقی کو دیکھتے ہوئے بہترین اسکول کا ایوارڈ بھی دیا جاتاہے، اسی طرح تدریسی میدان میں خدمات انجام دینے والوں کی خدمات کا عتراف کرتے ہوئے رابطہ بیسٹ ٹیچر ایوارڈ بھی دیا جاتا ہے ۔پریس کانفرنس میں رابطہ کے سابق صدر محمد صادق پلور، سکریٹری مولانا تنویر جوشیدی سمیت دیگر اراکین موجود تھے۔