بھٹکل 7/فروری (ایس او نیوز) یہاں مخدوم کالونی میں زیر تعمیر سڑک کا کام غیر معیاری ہونے کا الزام لگاتے ہوئے عوام نے کام کو روک کر سخت احتجاج کیا اور میونسپل انجینر سمیت کنٹریکٹر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کام کو درست طریقے سے انجام دینے کا مطالبہ کیا۔
بھٹکل میونسپل چیف کے مکان کے پڑوس میں ہی تعمیر ہونے والی اس سڑک کے تعلق سے لوگوں کا الزام ہے کہ سڑک کی موٹائی تین انچ ہونی چاہئے، مگر یہاں روڈ کی موٹائی صرف آدھا انچ ہے، کئی جگہ پر تارکول صحیح طور پر نہیں بچھایا گیاہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے غیر معیاری کام کو دیکھتے ہوئے اُنہیں خدشہ ہے کہ پہلی بارش میں ہی پوری سڑک پانی کے ساتھ بہہ جائے گی۔ عوام نے سوال کیا کہ میونسپل چیف کے مکان کے پڑوس میں ہی تعمیر ہونے والی سڑک کا اگر یہ حال ہے تو پھر شہر کے دیگر علاقوں میں کس طرح کا کام ہوتا ہوگا ؟
موقع پر موجود میونسپالٹی انجینر اُمیش مڈیوال نے عوام کو یہ کہہ کر مطمئن کرنے کی کوشش کی کہ سڑک کی تعمیر کے بعد سڑک کی جانچ کرتے ہوئے اُنہیں میونسپالٹی کے اعلیٰ حکام کو رپورٹ پیش کرنا ہوتا ہے، جس کے بعد ہی کنٹریکٹر کو رقم ریلیز کی جاتی ہے، لہٰذا وہ سڑک کی تعمیر کے تعلق سے تعاون کریں اور کام کو نہ روکیں۔
اس موقع پر میونسپل کاونسلر عبدالرحیم سمیت علاقہ کے ذمہ داران سمیع اللہ اِٹل، یاسین طاہرہ، عبدالسمیع میڈیکل و دیگر کافی لوگ موجود تھے۔