بھٹکل یکم ستمبر (ایس او نیوز) ممبئی سے بس ڈرائیونگ کرتے ہوئے اورنگ آباد جانے کے دوران مخالف سمت سے آرہی ایک ٹریلر لاری سے ٹکرا کر بھٹکل سےتعلق رکھنے والا الطاف مٹّا (38) انتقال کرگیا، جبکہ بس پر سوار قریب 30 ڈاکٹرس زخمی ہوگئے، جن میں بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق لکثری پرائیویٹ بس کمپنی میں ملازمت کرنے والا الطاف جمعہ کی نماز کے بعد شام قریب چار بجے ممبئی کے ٹاٹا کینسر اسپتال سے 40 ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو لے کر اورنگ آباد جارہا تھا، قریب ڈھائی سو کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد اورنگ آباد سے قریب 120 کلو میٹر دور احمد نگر کے کیڈگائوں بائی پاس ہائی وے پراس کی بس ایک ٹریلر سے ٹکراگئی۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بس ڈرائیور الطاف کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، جبکہ 30 ڈاکٹرس جس میں ایک لیڈی ڈاکٹر بھی شامل ہے، زخمی ہوگئے۔ ٹکر کے بعد بس کے بھی پرخچے اُڑگئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے، جن میں بعض کی حالت نازک بتائی گئی اور اُنہیں انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سبھی ڈاکٹرس اورنگ آباد میں منعقدہ میڈیکل کانفرنس میں شرکت کے لئے جارہے تھے۔
احمد نگر کے ایس پی رنجن کمار نے حادثے کے تعلق سے بتایا کہ حادثہ سنیچر کی صبح قریب چار بجے پیش آیا اور اطلاع ملتے ہی پولس ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ حادثے میں ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ہے۔ ان کے مطابق بس پر ڈرائیور اور کلینر سمیت جملہ 42 لوگ سفر کررہے تھے۔
ایک عرصہ سے ممبئی میں مقیم جناب خالد مٹا کے فرزند الطاف مٹا بھی بیوی اور چار بچوں کے ساتھ ممبئی کے کرُلا میں رہائش پذیر تھا۔ بھٹکل کارگیدے کی مسجد مزمل کے قریب ان کا آبائی گھر موجود ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ممبئی سے ان کے والد سمیت دیگر رشتہ دار کیڈگائوں کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔