بھٹکل میں شک و شبہ کرتے ہوئے بیوی پر چاقو سے حملہ : ملزم گرفتار
بھٹکل:26/اگست(ایس او نیوز)بیوی پر شبہ کرکے چاقو سے قتل کرنےکی کوشش کئے جانےکا واقعہ بھٹکل میونسپل حدوود کے مخدوم کالونی میں پیش آیاہے، جس کے تعلق سے پولس نے ملزم کو گرفتارکرلیاہے۔
گرفتارشدہ ملزم کی شناخت یاسین قاضی (32) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مخدوم کالونی کے یاسین کی شادی اسی علاقہ اور قریبی رشتہ دار شائقہ بنت محمد ہارون قاضی سے پانچ سال پہلے ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ کچھ ماہ سے شوہر کی جانب سے بیوی کو لگاتار ہراساں کیا جارہا تھا، جس پرشائقہ کے گھر والوں نے شائقہ کو اپنے ہی گھرپر واپس بلا لیا تھا اور شوہر یاسین رات کو اپنے سسرال پہنچتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یاسین بدھ کی رات قریب تین بجے جب گھرکے سبھی لوگ نیند میں تھے، تمام کمروں کو پہلے باہر سے بند کردیا پھر اپنی بیوی پر چاقو سے قاتلانہ حملہ کرکے فرار ہوگیا ۔ جب گھرپر موجود لوگ اپنے کمرے سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ باہر سے دروازے بند کردئے گئے ہیں۔ شائقہ کے پیٹ پر شدید زخم ہونے کی بنا پراسے پہلے سرکاری اسپتال پھر بعد میں نجی اسپتال میں علاج کرایا گیا ہے۔
شائقہ کے گھروالوں نے پہلے پولس تھانہ میں معاملہ درج نہ کرتے ہوئے صرف بھٹکل قاضی کو خبر کرکے خلا لینے کا پروگرام بنایا تھا اور اس ضمن میں قاضی سے رابطہ کرتے ہوئے اپنی بیٹی کو خلا دلانے کی درخواست کی تھی، مگر بتایا گیا ہے کہ یاسین نے آج جمعہ کو پھر ایک مرتبہ موبائیل کے ذریعے اپنی بیوی کو فون کرکے دھمکی دی کہ فی الحال اُس نے صرف ہالف مرڈر کیا ہے، مگرچونکہ وہ اس سے خلا لے رہی ہے،اس لئے اب اُس کا قتل کردے گا۔ فون پر دھمکی دینے کے بعد میں شام کو وہ واپس ان کے گھرآیا، جس کے دوران گھروالوں نے اسے پکڑ لیا اور پولس کو خبر کرتے ہوئے پولس کے حوالے کردیا۔ بھٹکل ٹائون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔