بھٹکل : کتابوں کا مطالعہ انسان کو اعلیٰ مقام پر لے جاتاہے: بیلکے ہائی اسکول میں شیوانی شانتا رام کا خطاب
بھٹکل :18/جولائی (ایس اؤ نیوز) کتابیں طلبا کی عقل و شعور کی قوت میں اضافہ کرتی ہیں ، عقل کا بہترین استعمال کرنے میں معاون وممد ہوتی ہیں، کتابوں کے مطالعہ سے انسان اعلیٰ مقام تک پہنچ سکتاہے۔ ان خیالات کااظہار بھٹکل کی صنعت کار شیوانی شانتارام نے کیا۔
وہ یہاں بدھ کی صبح بیلکے کے ہائی اسکول میں دسویں جماعت کے طلبا کے درمیان مفت میں جنرل نالیج بک تقسیم کرنے کے بعد خطاب کررہی تھیں۔ بھٹکل جرنلسٹ سنگھ کے صدر رام چندر کنی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جنرل نالیج کی بک ہو یا اخبارات کے خصوصی صفحات وہ صرف طلبا کے دوست ہی نہیں بلکہ ان کے مستقبل کی بنیادیں ہیں۔ اسکول کے صدر مدرس چندرکانت گاؤنکر نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے بیلگام میں مقیم صنعت کار بھٹکل کے نارائن نائک ، صنعت کار شیوانی شانتارام اور سنڈیکیٹ بینک کے موظف مینجر سداشیو آچاریہ کے عطیہ جات کو گناتے ہوئے ان کا شکریہ اداکیا۔ فزیکل ٹیچر پرکاش شرالی نے استقبال کرتے ہوئے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ بھاونا اور ساتھیوں نے پرارتھنا کی۔ استاد چندر شیکھر شیرور نے شکریہ اداکیا۔ استاد این جی گوڈا نے نظامت کی۔