یکم جون سے 31جولائی تک ماہی گیری پر پابندی کا آغاز
بھٹکل یکم جون (ایس او نیوز) ریاستی سرکار کی طرف سے مانسون کے موسم میں گہرے سمندر میں ماہی گیری پر پابندی کا جو حکم جاری کیا گیا تھا اس کا اطلاق یکم جون سے ہورہا ہے۔
اس تعلق سے محکمہ ماہی گیری کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی طرف سے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے ماہی گیروں کو یاددہانی کی گئی ہے کہ گہرے سمندر میں مچھلی پکڑنے کے لئے کسی بھی ذریعے سے کوئی کوشش نہ کی جائے۔یہ پابندی 61دنوں کے لئے ہوگی، جس میں بھاری مشینی کشتیوں کے ساتھ مچھلی پکڑنے کے لئے سمندر میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
البتہ دس ہارس پاور سے کم قوت والی کشتیوں اور روایتی کشتیوں سے مچھلیاں پکڑنے کی اجازت رہے گی۔اس حکم کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کے علاوہ ایک سال کے لئے کشتیوں کو ملنے والی ڈیزل سبسیڈی منسوخ کی جائے گی۔