جدہ 16/اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل کمیونٹی جدہ کے انتظامیہ کی دوسالہ میعاد کی تکمیل پر انتظامیہ کو تحلیل کیا گیا ہے، جبکہ دستور کی دفعہ نمبر 6 (ج ۔ 1) کے تحت سبکدوش ہونے والی انتظامیہ میں سے صدر جناب محمد نعمان علی اکبرا، جنرل سکریٹری جناب عُبیداللہ عسکری اور جماعت کے فعال رکن جناب یاسین عسکری کو متفقہ طور پراگلی انتظامیہ کے لئے منتخب کیا گیا ہے، ساتھ ساتھ جماعت کے دائمی رکن انتظامیہ و سرپرست جناب زاہد رکن الدین بھی انتظامیہ میں بحال ہوں گے۔
اس موقع پر پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے جنرل سکریٹری عُبیداللہ عسکری نے اعلان کیا ہے کہ مورخہ 26 اکتوبر 2017 کو ہوٹل الازھر نزد جفالی مسجد میں رات 11 بجے سالانہ جلسہ ہوگا۔ معلومات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ہے کہ اس جلسہ میںجدہ جماعت کے فعال رکن اور ماضی میں جنرل سکریٹری اور نائب صدر جیسے کلیدی عہدے پر فائز رہ کر خدمات انجام دینے والے جناب تاج الدین عسکری کو جدہ سےمستعفی ہو کر وطن عزیز منتقل ہونے پر انکی خدمات کے اعتراف میں مومینٹوپیش کیا جائے گا۔
جناب عُبیداللہ عسکری نے اس موقع پر جماعت کے انتخابات کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ آئندہ ماہ 2/ نومبر 2017 بروز جمعرات کو انتخابات ہوں گے، جس کے لئے جناب یاسین عسکری صاحب کو الیکشن کمشنر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
انہوں نے جدہ جماعت کے تمام ممبران سے درخواست کی ہے کہ وہ کثیر تعداد میں سالانہ جلسہ میں شریک ہونے کے ساتھ ساتھ انتخابات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔