کمٹہ میں بی ای طالبہ کی خودکشی؛ بھٹکل انجمن میں زیرتعلیم تھی طالبہ
بھٹکل 8/فروری (ایس او نیوز) انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ (اے آئی ٹی ایم) بھٹکل کی طالبہ جس کا تعلق ضلع اُترکنڑا کے کمٹہ کےموڈکیری سے ہے، اپنے ہی مکان کی چھت سے لٹک کر خودکشی کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔ طالبہ کی شناخت شویتا ایشور نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ خودکشی کی یہ واردات جمعہ کی شام کو پیش آئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شویتا نائک ، بھٹکل انجمن میں بی ای فرسٹ ائیر کی طالبہ تھی، کالج میں چھٹیاں ہونے کی وجہ سے کافی دنوں سے گھر میں ہی مقیم تھی، بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی صبح اپنی والدہ کے ہمراہ بازار جاکر سودا سلف خریدنے بھی گئی تھی، مگر شام کو جب گھر پر کوئی موجود نہیں تھا، چھت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔
خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
اطلاع ملتے ہی کمٹہ پولس جائے وقوع پر پہنچی اور ضروری کاروائیوں کے بعد معاملہ درج کرلیا۔ پولس اس تعلق سے چھان بین کررہی ہے۔