بھٹکل:آدی باسی طبقہ کو جنگل، پہاڑ سمیت جنگلات کے مکینوں سے جذباتی تعلق ہے:عالمی یوم آدی باسی پروگرام
بھٹکل:8/اگست (ایس اؤنیوز)23ویں عالمی یوم آدی باسی کی مناسبت سے کوگتی نگر کے شری مہاستی ہال میں کرناٹکا آدی باسی تحفظ پریشد اترکنڑا کے زیر اہتمام منعقدہ آدی باسی پروگرام کا کنڑا کے مشہور ادیب ڈاکٹر ضمیراللہ شریف نے دیاسلائی کےذریعے افتتاح کیا۔
اس کے بعدخطاب کرتےہوئے ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف نے بتایا کہ آدی باسی کا مطلب قدیم زمانےکے لوگ، ان کی عاجزی، انکساری مثالی ہوتی ہے۔ لیکن حکومتیں ان کو نظر انداز کررہی ہیںِ انہوں نے آدی باسی طبقہ سے کہاکہ وہ اپنا اتحاد قائم رکھیں ، اپنی نئی نسل کو قیادت کے لئے تیار کریں ۔ سرکاری سطح پر میسر سہولیات کو ہرحال میں حاصل کریں۔ خاص کر خواتین کو تعلیم یافتہ بنائیں ،چوطرفہ طبقہ کی ترقی کے لئے کام کرنےکی بات کہی۔
پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے یلاپور کے آدی باسی لیڈر ڈیوگ سدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے پروگراموں کاانعقاد کرتے ہوئے ہم نےجو کچھ کھویا ہے اس کو حاصل کرنےکی کوشش کریں۔ 2011 سے کرناٹکا آدی باسی رکشھنا پریشد کو تشکیل دیا گیا۔ ملک تو آزاد ہواہے لیکن ہمیں ابھی تک آزادی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ آدی باسی طبقہ ملک کے جنگلات، پہاڑوں ، جانوروں ، پرندوں اور چرندوں سے ایک جذباتی تعلقات رکھنے والا طبقہ ہے، سرکاریں ہمیں جنگلات سے باہر نکالنا چاہتی ہیں۔ پروگرام میں آدی باسی بھٹکل کی طرف سے ثقافتی اور دیہی روایتی گیت پیش کئے گئے۔ ڈائس پر کرناٹکا آدی باسی پریشد کے ضلع صدر ماستی منجو گونڈ، نائب صدر امام حسین سدی، گونڈ سماج کے سومیا گونڈ، بھٹکل گونڈ سماج کے صدر بسویا گونڈ، بھٹکل لیاپس سوسائٹی کے صدر بڈیا ایس گونڈ، گنپیاگونڈ سمیت گونڈا سماج کے مختلف لیڈران اور لوگ شریک تھے۔