کالج کی نابالغ طالبہ کی اجتماعی عصمت ریزی،لاڈج کے کنٹراکٹر سمیت چار ملزمین سلاخوں کے پیچھے
بنگلورو،15؍نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)کالج کی نابالغ طالبہ کی اجتماعی عصمت ریزی کا ایک واقعہ شہر کے کاڈگوڈی پولیس تھانہ کی حدود میں سامنے آیا ہے۔ کے آر پورم کی ایک کالج میں زیر تعلیم 17سالہ طالبہ کے ساتھ مسلسل ایک ہفتہ تک منہ کالا کرنے والے چار افراد کو کے آر پورم پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ کاڈگوڈی میں آنے والی کلاسک ان لاڈج کو کنٹراکٹ پر لے کر چلانے والے مغربی بنگال کے متوطن منو راجن پنڈت ، کے آر پورم ریلوے اسٹیشن کے قریب چائے کی دکان چلانے والے داونگیرے کے راگھویندرا ، اسی چائے کی دکان پر کام کرنے والے اڈپی کے ساگر اور کاڈگوڈی کی ایک کمپنی کے ملازم میسور کے منجوراج کو اس سلسلے میں گرفتار کرلیاگیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ اس لڑکی کی گمشدگی کے متعلق مارتھلی پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی گئی تھی، یہاں کے انسپکٹر جئے راج نے دو ہی دنوں میں اس لڑکی کے ٹھکانے اور ملزمین کی حرکت کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس وائٹ فیلڈ عبدالاحد نے آج یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ کاڈگوڈی سے روزانہ کرشنا راج پورم کالج جانے والی طالبہ سے راگھویندرا نامی ملزم نے جان پہچان بنالی تھی اور اسے پھسلاکر 28اکتوبر کو اس نے کلاسک ان لاڈج پہنچادیا وہاں وہ اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ طالبہ کی عصمت ریزی کرتا رہا۔ دس دنوں تک اسے لاڈج میں بند رکھا گیا، لڑکی کے والدین نے گمشدگی کے متعلق شکایت درج کرائی ، اس کی جانچ کرتے ہوئے انسپکٹر نے ملزمین کوگرفتار کرلیا۔اس معاملہ کی مزید جانچ جاری ہے۔