بنگلورو سے منگلورو سفر کے دوران بس کے اندر صحافی کی موت
پتور17؍نومبر(ایس او نیوز) بنگلورو سے منگلورو کی طرف کے ایس آر ٹی سی اولوو بس میں سفر کے دوران بنگلور کے ایک نیوز پیپر میں رپورٹر کی ذمہ داری ادا کرنے والے صحافی کی موت واقع ہوگئی ہے جو کہ پتور کا رہنے والاتھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فوت ہونے والے صحافی کا نام یادیش (60سال) ہے۔بنگلوروسے وہ تنہا سفر کررہاتھا۔ بس صبح کے وقت اپن انگڈی پہنچی تو کنڈکٹر کو ایک مسافر کے بارے میں شبہ ہوا کہ سیٹ پر وہ کچھ غیر فطری انداز میں پڑا ہوا ہے۔ جب اسے جھنجھوڑکر جگانے کی کوشش کی گئی تو اس کی طرف سے کوئی ردعمل نہیں ملا۔پھر بس کو اپن انگڈی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں پولیس نے جانچ کی تو وہ شخص مردہ پایا گیا۔ اس کی جیب میں موجود شناختی کارڈاورموبائل فون سے اس کے بارے میں تفصیل معلوم ہوئی اور پولیس نے اس کے رشتے داروں کو اس واقعے کی اطلاع دی۔گمان کیا جاتا ہے کہ رات کے وقت سفر کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے سے یادیش کی موت ہوئی ہوگی۔ بس عملے کی طرف سے شکایت درج کرنے کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اپن انگڈی سرکاری اسپتال میں منتقل کردیا۔