بنگلورو: معطل شدہ اراکین اسمبلی کے معاملے پر آج سماعت
بنگلورو۔23جولائی(ایس او نیوز) جنتادل (ایس) سے معطل ہونے والے آٹھ اراکین اسمبلی کی رکنیت کالعدم قرار دینے سے متعلق آج سنیچر کو اسپیکر کے ذریعہ معاملے کی سماعت ہوگی۔ جے ڈی ایس رکن اسمبلی بی زیڈ ضمیر احمد خان اور دیگر سات اراکین اسمبلی کو اس معاملے کا فریق بنایا گیا ہے۔ اراکین اسمبلی سی ایم بالکرشنا اور بی بی ننگیا نے اسپیکر کے روبرو عرضی دائر کی تھی کہ پارٹی سے معطل آٹھوں اراکین اسمبلی کی رکنیت کو کالعدم قرار دیا جائے۔ راجیہ سبھا انتخابات کے موقع پر وہپ کی خلاف ورزی کے الزامات کا سامنا کررہے اراکین اسمبلی کی دل بدلی قانون کے مطابق رکنیت کالعدم قرار دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ جس کی بنیاد پرآج صبح 11:30 بجے ودھان سودھا کے اسمبلی اسپیکر کے دفتر میں معاملہ کی سماعت ہوگی۔ عرضی گذارخود یا پھر وکیل کے ذریعہ معاملہ کی پیروی کرسکتے ہیں۔ راجیہ سبھا انتخابات کے موقع پر جے ڈی ایس اراکین ضمیر احمد خان ،چلوورایا سوامی، ایچ سی بالکرشنا ، کے گوپالیہ ، اکھنڈا سرینواس مورتی، اقبال انصاری، رمیش بنڈی سدے گوڈا اور بھیما نائک نے جے ڈی ایس امیدوار کی بجائے پارٹی وہپ کی خلا ف ورزی کرتے ہوئے دیگر پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا تھا۔ جس کی بنیاد پر انہیں جے ڈی ایس سے معطل کیا گیا تھا۔
رشوت خوری معاملے پر مفاد عامہ عرضی خارج
ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو رشوت دینے کی کوشش کے معاملے پر دائر مفاد عامہ کی عرضی کو آج ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ نے خارج کردیا۔ امراءڈیولپرس کی جانب سے ایک شخص کے ذریعہ رشوت کی پیش کش کئے جانے کے معاملے پر خود چیف جسٹس نے عدالت اس رشوت دہی کا انکشاف کیاتھا۔ جس کی بنیاد پر جی آر موہن کمار کے ذریعہ خاطیوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے مفاد عامہ کی عرضی دائر کی گئی تھی جسے خارج کردیا گیا۔