جو اپنی ماں اور بیوی کا نہ ہوسکا ملک کا کیا ہوگا؟نوٹ بندی کے خلاف بنگلورو میں کانگریس کے احتجاجی مظاہرہ سے روشن بیگ کا خطاب

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 11th January 2017, 11:51 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو۔10؍جنوری(ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی طرف سے لاگو نوٹ بندی کے خلاف آج کانگریس نے ملک بھر میں سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا۔ بنگلور ضلع کانگریس کی طرف سے بھی ٹاؤن ہال کے روبرو ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ منظم کیاگیا، جس میں کثیر تعداد میں کانگریس کارکنوں نے جمع ہوکر نوٹ بندی کے یکطرفہ فیصلے کے خلاف اپنے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے کہاکہ مودی نے نوٹ بندی کے بعد کیش لیس انڈیا کے نام پر بڑی بڑی بین الاقو امی کمپنیوں ، ویزا ، ماسٹر کارڈ، امریکن ایکسپریس وغیرہ کو فائدہ پہنچایا۔ عوام کی طرف سے ڈیبٹ کارڈ یا کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر ان کمپنیوں کو فائدہ پہنچتا ہے،جبکہ ملک کے عوام کو اپنے ہی پیسوں کو بینکوں سے نکالنے کیلئے گھنٹوں بینکوں کے باہر قطارمیں کھڑے ہونا پڑ رہا ہے۔ملک کے ہزاروں دیہاتوں میں آج بھی اے ٹی ایم نہیں ہیں۔ان دیہاتوں میں نوٹ بندی کا بہت گہرا اثر مرتب ہوا ہے۔جب تک ملک میں مکمل طور پر اے ٹی ایم نیٹ ورک قائم نہیں ہوجاتا اس وقت تک کیش لیس انڈیا کا تصور فضول ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی میں اپنی بیوی کی پرورش کرنے کی صلاحیت بھی نہیں ہے، جس کی وجہ سے برسوں پہلے ہی وہ اپنی بیوی کو چھوڑ چکے ہیں۔ وزیر اعظم بننے کے بعد دہلی میں اتنے بڑے بنگلہ میں رہنے کے باوجود مودی نے آج تک اپنی ماں کو اپنے گھر نہیں بلایا ۔ صورتحال ایسی ہوگئی ہے کہ مودی پر جو تنقید کرتا ہے اسے غدار قرار دیاجاتا ہے۔ وہ یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ ایک اچھے کانگریسی اور سچے محب وطن ہیں۔ کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے دو سالوں سے مودی حکومت نے ملک کے عوام کیلئے کوئی اچھا کام نہیں کیا، دنیا بھر گھومنے کے بعد مودی نے ملک کے عوام پر نوٹ بندی کا خطرناک وار کیا۔ نوٹ بندی کی وجہ سے غریب طبقہ سڑکوں پر آچکا ہے۔ بنگلور میں کام نہ ملنے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ دیہاتوں کو واپس لوٹ چکے ہیں۔ نوٹ بندی کے بعد اب تک 65 دنوں میں چار مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہٹلر کی مانند مودی صبح میں کچھ اور شام میں کچھ اور حکم جاری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد کبھی مودی نے غریبوں کو درپیش مشکلات کا احساس تک نہیں کیا، ان کے آمرانہ رویہ کی وجہ سے ملک کے عوام کو دشواریاں جھیلنی پڑ رہی ہیں۔ کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ نوٹ بندی لاگو کرتے وقت وزیراعظم نے اعلان کیا تھاکہ ، کالا دھن ، کرپشن اور دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے نوٹ بندی کی جارہی ہے۔ لیکن کشمیر میں مسلسل دہشت گردی جارہی ہے۔ نوٹ بندی کی وجہ سے وہاں حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، کالادھن رکھنے والے امیر سکون سے جی رہے ہیں اور رشوت خور افسران اپنا کام برابر کررہے ہیں تو پھر نوٹ بندی کا فائدہ کس کو پہنچا۔ وزیر اعظم نے ملک کے سبھی حالات سدھارنے کیلئے عوام سے پچاس دن کی مہلت طلب کی تھی، اب 65 دن ہوچکے ہیں ، لیکن نوٹ بندی کے بعد سے پیدا شدہ مسائل نہ صرف جوں کے توں بلکہ اور پیچیدہ ہوکر برقرار ہیں۔ عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سہارا اور برلا کمپنیوں سے 52کروڑ روپیوں کی رشوت خوری کا الزام مودی پر ہے، لیکن جب بھی یہ بات اٹھائی جاتی ہے تو ملک دشمنی کا الزام لگاکر لوگوں کا منہ بند کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہاکہ نوٹ بندی سے جی ڈی پی شرح میں ایک فیصد کمی آئی ہے، دو کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے شہر میں نظم وضبط کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ شہر کی پولیس بہترین طریقے سے کام کررہی ہے، خواتین کو تحفظ بھی مناسب طریقے سے فراہم کیا جارہا ہے۔ سال نو کے موقع پر بے قابو ہجوم کی شرارت سے نمٹنے میں بھی پولیس نے کافی جدوجہد کی ہے۔اس کے باوجود بھی بنگلور کی پولیس کو بدنام کرنے اور شہر کی ساکھ کو مجروح کرنے کیلئے کچھ عناصر کی طرف سے منظم سازشیں رچائی جارہی ہیں۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر رضوان ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی نوٹ بندی کا علم پہلے ہی مودی نواز صنعت کاروں کو ہوچکا تھا۔ اس کی وجہ سے امیر طبقہ بڑے سکون واطمینان سے ہے۔ بی جے پی لیڈروں کے پاس نقد ہی نقد ہے، اور عوام بے نقد ہوچکے ہیں۔ رکن اسمبلی ایس ٹی سوم شیکھر ، بنگلور ضلع کانگریس صدر جی شیکھرن ، رکن اسمبلی بائرتی بسوراج ، آروی دیوراج، نارائن سوامی، اے آئی سی سی مشاہد ناگیندرا، منوہر اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔