بیلتھنگڈی: گاڑی میں غیر قانونی دھماکہ خیز مادہ لے جانے والے سے رشوت لینے کے الزام میں 2پولیس اہلکار معطل
بیلتھنگڈی 18؍اکتوبر(ایس او نیوز) پونجلا کٹّے پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک اے ایس آئی لکشمن اور ہیڈکانسٹیبل ابراہیم کو اس الزام کے تحت معطل کردیا گیا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر موٹر بائک میں دھماکہ خیز اشیاء لے جانے والے چنّا سوامی سے 24ستمبر کو رشوت لی تھی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ کرائم انٹلی جنس بیوریونے بسوانا گوڈی کے رہنے والے چنّا سوامی کو گرفتار کرکے اس کے پاس سے لاکھوں روپے کی مالیت والا دھماکہ خیز مادہ موٹر سائیکل پر لے جاتے وقت برآمد کیا تھا۔اس وقت چناسوامی نے الزام لگایا تھا کہ اس کی گاڑی میں موجود دھماکہ خیز مادہ اے ایس آئی لکشمن اور ہیڈکانسٹیبل ابراہیم نے پہلے ہی ضبط کیا تھااورڈرادھمکا کر اس سے 25ہزار روپے رشوت بھی وصول کرلی تھی۔ پھر اس کے بعد ان دونوں پولیس والوں نے ڈی سی آئی پولیس ٹیم کو اطلاع کردی اور دوبارہ ضبط کروانے کی کارروائی کی ہے۔
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر روی کانتے گوڈا نے گرفتار ملزم کی طرف سے پولیس والوں پر لگائے جارہے الزامات کی تحقیقات کرنے کی ذمہ داری اے ایس پی سوناونے رشی کیش بھگوان کو سونپی تھی۔ اے ایس پی کی طرف سے تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوجانے کے بعد ایس پی دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردئے ہیں۔