بیلگاوی میں 7.10کروڑ روپے کی نقلی کرنسی ضبط ۔ انتخابات میں ووٹروں میں تقسیم کے لئے ذخیرہ اندوزی کا شبہ
بیلگاوی 18؍اپریل (ایس او نیوز) بیلگاوی سٹی پولیس نے انتخابات کے موقع پرنقلی کرنسی نوٹوں کو چلانے کا منصوبہ رکھنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق پولیس نے وشویشوریا نگر میں واقع پی ڈبلیو ڈی کے ایک خالی پڑے ہوئے مکان پر چھاپہ مارکر وہاں چھپاکر رکھی گئی 7.10کروڑ روپے کی نقلی کرنسی ضبط کی ہے۔اور اس ضمن میں سداشیو نگر کے رہنے والے اجیت کمار نیدونی نامی ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
گمان کیا جاتا ہے کہ نقلی نوٹوں کا یہ ذخیرہ الیکشن کے دن بھولے بھالے ووٹروں کو رشوت کے طور پر دینے کے لئے بڑی چالاکی کے ساتھ یہ خالی مکان کی الماری میں چھپاکر رکھا گیا تھا۔پولیس کے بیان کے مطابق5.84 کروڑ روپے مالیت کے نوٹ 2ہزار روپوں کے تھے جبکہ 1.26 کروڑ روپے مالیت کے نوٹ 500روپے کے تھے۔