کیرالہ میں بیف فیسٹول؛بچھڑا ذبح کرنے پر یوتھ کانگریس اراکین کے خلاف کیس درج ،راہل گاندھی کی مخالفت
کنّور،29؍مئی (ایس او نیوز)مرکزی حکومت کی طرف سے قصائی خانوں کو فراہم کیے جانے والے بڑے جانوروں کی عام مارکیٹ میں فروخت پر پابندی لگانے والا جوقانون جاری کیاگیا ہے ، اس کی مخالفت میں کیرالہ میں یوتھ کانگریس کارکنان اور مختلف طلبہ تنظیم کے اراکین نے بطور احتجاج ایک بیف فیسٹول کا اہتمام کیا ۔
اس فیسٹول کے دوران کھلے عام ایک بچھرا ذبح کرنے کی ویڈیو کلپ وائرل ہوگئی۔ اس کے بعد پولیس نے اقدام کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے کنّور ڈسٹرک صدراور دیگر اراکین کے خلاف کیس درج کردیا ہے۔
بچھڑا کھلے عام ذبح کرنے کے اس واقعہ پر کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کیرالہ میں جو کچھ ہوا ہے وہ بربریت ہے۔اور یہ میرے لئے اور کانگریس پارٹی کے لئے بالکل ناقابل قبو ل ہے۔کہا جاتا ہے کہ اس احتجاج اور فیسٹول کا اہتمام کنّور یوتھ کانگریس لیڈر ریجیل موکوٹّی کی قیادت میں کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات جیسے کولم، کوچی، تھوڈو پوذا، وغیرہ سے بھی اس قانون کے خلاف اسی طرح کے بیف فیسٹول منعقد کرنے کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔جس میں سی پی آئی ایم ، کانگریس کے علاوہ ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف میں شامل دیگر سیاسی کارکنان اور وزراء تک نے شرکت کی ہے اور کھلے عام بیف کھاتے ہوئے مرکزی حکومت کے قانون کے خلاف اپنا احتجاج درج کروایا ہے۔