مینگلور انجینرنگ کالج کی طالبہ امتحان میں فیل ہونے پر لگائی پھانسی
مینگلور یکم جون (ایس او نیوز) یہاں کے قریبی علاقہ ولچّیل کی شری نواس کالج کی ایک طالبہ نے پھانسی دے کر خودکشی کرلی، جس کی شناخت 18 سالہ سوچیتنا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سوچیتنا بیچلر آف انجینرنگ میں اول سال کی طالبہ تھی ، آج امتحان کے نتائج آنے تھے، جب نتائج ظاہر ہوئے تو سوچیتنا امتحان میں ناکام ہوگئی تھی۔ سمجھا جارہا ہے کہ امتحان میں ناکام ہونے پر دماغی طور پر دبائو لیتے ہوئے اس طالبہ نے اس طرح کا انتہائی قدم اُٹھایا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سوچیتنا کی لاش کالج ہوسٹل میں چھت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ سوچیتنا پڑوسی ضلع چکمنگلور کے چندرے گوڈا کی دُختر ہے، وہ 27 مئی کو چکمنگلور اپنے گائوں گئی تھی اور آج نتائج کے دن واپس مینگلور کالج ہوسٹل پہنچی تھی، جیسے ہی نتائج ظاہر ہوئے، اُسے پتہ چلا کہ وہ کمپوٹرسائنس سبجیکٹ میں فیل ہوگئی ہے، دوپہر کو اس کی لاش کالج ہوسٹل میں اُسی کے روم کے اندر چھت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ خبر ملی ہے کہ اس نے خودکشی کرنے سے پہلے خودکشی کا نوٹ بھی چھوڑا ہے، مگر اُس میں کیا لکھا ہے، پتہ نہیں چل پایا ۔
اس تعلق سے مینگلور مضافاتی پولس تھانہ معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔