بنگلور کو جھونپڑ پٹیوں سے پاک شہر بنایا جائے گا: آنجنیا
بنگلورو29؍ستمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے کہاکہ شہر بنگلور کو عنقریب جھونپڑ پٹیوں سے پاک شہر قرار دینے کیلئے ریاستی حکومت ہمہ وقت کوشاں ہے۔ جھونپڑ پٹی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو پکے مکانات فراہم کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ آج یلہنکا اسمبلی حلقہ کے وارڈ نمبر4میں مقامی ساکنان کو حق پتروں کی تقسیم کے جلسہ سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ حکومت دلت طبقے کی فلاح وبہبود کے اپنے مقصد پر کار بند ہے۔ اس سے انحراف کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی آزادی اسی وقت بامعنی ہوسکتی ہے، جب دلت اور دیگر کمزور طبقات کو سیاسی ، سماجی اور تعلیمی پیش رفت حاصل کرنے کا موقع مہیا کرایا جائے ۔ رکن اسمبلی ایس آر وشواناتھ نے اس موقع پر بتایاکہ اس حلقہ میں دلتوں کی فلاح وبہبود کی طرف خاص توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹکا ہاؤزنگ بورڈ کی طرف سے اس وقت ان مکانات کی تعمیر شروع کی گئی، جب امبریش وزیر ہاؤزنگ تھے۔ شہر کی میئر جی پدماوتی نے اس علاقہ میں جھونپڑ پٹیوں کے ساکنوں کو پکے مکانات کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا ۔تقریب میں بنگلور ضلع کے انچارج وزیر کے جے جارج ، وزیر برائے تعمیرات عامہ ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا ، رکن کونسل نارائن سوامی، کارپوریٹر ایم ستیش ، نیترا پلوی ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد اور دیگر موجود تھے۔