بنگلورو 20؍فروری (ایس او نیوز) کل بنگلورو میں ایئر شو ریہرسل کے دوران فضا میں دو جیٹ ہوائی جہاز ٹکرانے کی وجہ سے ایک پائلٹ ہلاک اور دو پائلٹس زخمی ہونے کی خبر دی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ دو جیٹ فائٹرس کے اندر تین ہی پائلٹ تھے۔ مگر آج اس معاملے میں اس وقت ایک غیر متوقع موڑ سامنے آیا جب جائے حادثہ سے دور ایک جھیل میں زخمی اور بے ہوشی کی حالت میں ایک اور پائلٹ پڑا ہوا پایا گیا ۔جس سے صاف ہوتا ہے کہ حادثے کے وقت جہازوں میں موجود پائلٹس کی تعداد تین نہیں بلکہ چار تھی۔لیکن اس تعلق سے ایئر فورس یا ایئر شو کے منتظمین کی طرف سے کوئی تصدیق ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔
ایئر فورس بیس کے عقب میں بے ہوشی کی حالت میں جھیل میں ملنے والے پائلٹ کا نام 2آئی سی ونگ کمانڈر وجئے شیلکے بتایا جاتا ہے، جسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ ایک اور زخمی پائلٹ تیجیشور سنگھ کو بھی کل حادثے کے بعد زخمی حالت میں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ایف ایس ایل کی ٹیم جائے حادثے پر پہنچ کر معلومات اور ثبوت اکٹھا کررہی ہے۔ اس کی تحقیقات کا مرکزتباہ شدہ جہازوں کا بلیک باکس ہوگا جس کے اندر حادثے سے قبل ہونے والی ایئر ٹریفک کنٹرول اور پائلٹس کی گفتگومحفوظ ہوتی ہے۔ اسی کی بنیاد پر حادثے کی اصل وجہ پر روشنی ڈالی جاسکے گی۔