اُڈپی کا باجے ڈیم سوکھ رہا ہے۔۔۔ 4 دن میں ایک بار پانی فراہم ہوگا
اُڈپی 24؍مئی (ایس او نیوز)اڈپی کے جس باجے ڈیم سے شہر کو پانی فراہم کیا جاتا ہے ، اس میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق ڈیم میں موجود پانی سے صرف 7دن تک شہر کو پانی سپلائی کیا جاسکتا ہے۔اس لئے سٹی میونسپال کاونسل نے طے کیا ہے کہ اب صرف چار دن میں ایک بار شہر کے نلوں میں پانی فراہم کیا جائے گا۔
سی ایم سی کی صدر میناکشی مادھو بنانجے اور دیگر افسران سے عوام سے پانی کو محتاط انداز میں اور کم مقدار میں استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ 35 وارڈوں پرمشتمل سی ایم سی کے علاقے کو دو حصوں میں تقسیم کرکے ہر چار دن میں ایک بار ایک ایک حصے کو پانی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اگر کسی تیکنیکی خرابی کی وجہ سے پانی نلوں کے ذریعے فراہم نہ ہونے کی صورت میں ٹینکروں سے پانی سپلائی کیا جائے گا۔اس شیڈول اور انتظام میں تبدیلی اسی وقت ہوگی جب علاقے میں مناسب برسات ہوگی او ر ڈیم میں پانی کی سطح مطلوبہ مقدار میں بڑھ جائے گی۔