باہو بلی2فلم کی نمائش میں رکاوٹیں ختم
بنگلورو:22/اپریل(ایس او نیوز) کاویری تنازعہ پر احتجاج کے دوران تمل اداکار ستیا راج کی طرف سے کنڑا چلوولی لیڈران واٹال ناگراج اور دیگر کارکنوں کے متعلق توہین آمیز بیان کو بنیاد بناکر کروڑوں روپیوں کی لاگت سے تیار کی گئی فلم باہو بلی 2 کے ریلیز کو روکنے اور اس کے خلاف بنگلور بند کرنے کیلئے کنڑا نواز تنظیموں کی طرف سے کیا گیااعلان آج واپس لے لیا گیا۔ 9 سال قبل باہو بلی میں کٹپا کا کردار ادا کرنے والے ستیا راج نے کنڑا تنظیموں کے خلاف بیان دیاتھا، جس کو بنیاد بناکر اب ان کنڑا نواز تنظیموں نے اس فلم کی نمائش کو روکنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم کل ستیاراج کی طرف سے اپنے اس بیان پر غیر مشروط اظہار معذرت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آج کنڑا نواز تنظیموں نے 28 اپریل کو بنگلور بند کی آواز واپس لے لی اور بغیر کسی رکاوٹ کے باہو بلی فلم کی نمائش کی اجازت دے دی۔ یاد رہے کہ دو دن قبل تک ستیا راج سے معذرت خواہی کا مطالبہ کرتے ہوئے کنڑا نواز تنظیموں کی طرف سے مختلف شاپنگ مالس، سنیما گھروں اور دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جارہے تھے اور یہ وارننگ دی گئی تھی کہ کسی بھی حال میں اس فلم کو ریلیز ہونے نہیں دیا جائے گا۔اس واقعہ کو لے کر کنڑا اور تمل فلم انڈسٹری کے درمیان ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔تاہم کل ستیاراج نے ایک اخباری کانفرنس طلب کرکے اپنے بیان پر معذرت خواہی کی اور اس فلم کے ریلیز ہونے کیلئے کنڑا تنظیموں سے تعاون کی درخواست کی۔اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے آج کنڑا وکوٹا کے صدر واٹال ناگراج، فلم چیمبر آف کامرس کے چیرمین سارا گووند، اے آر کمار، منجوناتھ، گریش گوڈا اور دیگر نے اس معذرت نامہ کو منظور کرتے ہوئے فلم کی نمائش میں رکاوٹ نہ پیدا کرنے کا اعلان کیااور کہاکہ ستیاراج کی طرف سے آئندہ اگر اس طرح کی بیان بازی کی گئی تو ریاست بھر میں ان کی فلموں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔