بحرین : مطلوب افراد کو سمندر کے راستے ایران فرار کرانے کی کوشش ناکام
عمان،9؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بحرین میں وزارت داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ سکیورٹی حکام کو مطلوب افراد کی سمندر کے راستے ایران منتقلی کی ایک کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ مذکورہ افراد میں وہ گروپ بھی شامل ہے جو گزشتہ ماہ ایک حراستی مرکز سے فرار ہو گیا تھا۔وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے صبح صادق کے وقت ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے متعدد مطلوب افراد کو ایک کشتی کے ذریعے ایران اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ان میں دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب افراد اور یکم جنوری 2017 کو جوکے ایک حراستی مرکز سے فرار ہونے والے عناصر بھی شامل ہیں۔وزارت داخلہ کے مطابق کارروائی کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔یاد رہے کہ جون 2016 میں بھی بحرین نے اسی سے ملتی جلتی ایک کارروائی کو ناکام بنایا تھا۔ کارروائی میں ساحل پر مامور سکیورٹی دستوں نے دہشت گرد مقدمات میں سزا یافتہ 8 مطلوب افراد کے ایران فرار کرائے جانے کی کوشش کا انکشاف کیا تھا۔