بحرین میں 54 رکنی دہشت گرد تنظیم کا انکشاف
المنامہ ،5؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)خلیجی ریاست بحرین کے حکام نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پچیس مشتبہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد پتا چلا ہے کہ ملک میں 54رکنی دہشت گرد تنظیم سرگرم ہے، جس کے بیشتر عناصر پکڑ لیے گئے ہیں۔ بحرین کی پولیس کا کہنا ہے کہ 25مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے 16 کے خلاف عدالتوں میں قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔حراست میں لیے گئے مشتبہ دہشت گردوں نے بحرین میں دہشت گردی کی چھ وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران سے رابطے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے اہم افسران پر قاتلانہ حملے کیے تھے۔بحرینی پولیس نے حراست میں لیے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔