وشاکھا پٹنم،25؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو تین وکٹوں سے ہرادیا ہے ۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری ٹیم انڈیا مقررہ 20 اوورس میں سات وکٹ کے نقصان پر صرف 126 رن ہی بناسکی ، جس کو آسٹریلیا نے آخری گیند پر سات وکٹ کھوکر حاصل کرلیا ۔
ہدف کے تعاقب میں اتری آسٹریلیائی ٹیم کی شروعات بہت اچھی نہیں رہی اور جلد ہی اس کے دو وکٹ گرگئے ، مگرا س کے بعد میکسویل نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 43 گیندوں پر 56 رن بنائے ۔ اس کے علاوہ شارٹ نے بھی اچھی بلے بازی کی اور 37 رن بنائے ۔ جبکہ ہینڈسکمب نے تیرہ رن بنائے۔
اس سے قبل پہلے بلے بازی کرنے اتری ٹیم انڈیا کو پہلا جھٹکا روہت شرما کے طور پر جلد ہی لگ گیا ۔ روہت شرما پانچ رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔اس کے بعد کپتان کوہلی اور سلامی بلے باز کے ایل راہل نے ٹیم انڈیا کے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا ۔ تاہم 24 رن کے ذاتی اسکور پر کپتان کوہلی بھی آوٹ ہوگئے ۔ ٹیم انڈیا کو دوسرا جھٹکا 69 کے مجموعی اسکور پر لگا ۔ اس کے بعد جلد ہی ریشبھ پنت کی شکل میں ٹیم انڈیا کو تیسرا جھٹکا بھی لگ گیا ۔ پنت صرف تین رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔
اس کے بعد جلد ہی ٹیم انڈیا کو چوتھا جھٹکا بھی لگ گیا ۔ اچھی فارم میں نظر آرہے کے ایل راہل نصف سنچری بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ راہل نے 36 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 50رن بنائے ۔ ٹیم انڈیا کو چوتھا جھٹکا 92 کے مجموعی اسکور پر لگا ۔ اس کے بعد صرف ایک رن بناکر دنیش کارتک بھی آوٹ ہوگئے اور پھر جلد ہی کرونال پانڈیا بھی ایک ہی رن بناسکے اور بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوادی ۔ علاوہ ازیں دھونی نے 29 رن بنائے ۔