منگلورو کے ایک دکاندار کو چھرا گھونپ کر ہلاک کرنے کی کوشش
منگلورو26؍مئی (ایس او نیوز) کوناجے پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک دکاندار کو پانچ نامعلوم حملہ آوروں نے چاقو گھونپ کر قتل کرنے کی کوشش کی ہے جس کے بعد زخمی دکاندار کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق عبدالرحمن(۳۵سال) پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنی جوس کی دکان بند کررہا تھا۔ایک اومنی کار میں سوار ہوکر آنے والے پانچ لوگوں نے عبدالرحمن کے سر، ہاتھ اور پیروں پر چاقو سے پے در پے وار کرڈالے۔اور پھر سب لوگ موقع پر سے فرار ہوگئے۔کہاجاتا ہے کہ عبدالرحمن جہاں جوس کی دکان چلاتا ہے وہ علاقہ گانجہ فروشوں اور گانجہ کشوں کا اڈہ بنتا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں کچھ دن پہلے عبدالرحمن نے پولیس سے شکایت کی تھی۔پولیس کو شک ہے کہ شاید گانجہ کشی کے عادی نشے بازوں نے بدلہ لینے کی نیت سے عبدالرحمن پر قاتلانہ حملہ کیا ہوگا۔