دلت لفظ سے متعلق فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے: رام داس اٹھاولے
نئی دہلی6ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے بدھ کو کہا کہ ممبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کی جانب سے عام بول چال اور میڈیا میں دلت لفظ کے استعمال پر پابندی لگائے جانے کے فیصلے کے خلاف ان کی پارٹی آر پی آئی (A) سپریم کورٹ میں اپیل کرے گی۔ اٹھاولے نے ایک بیان میں کہا کہ سرکاری کام کاج میں ایس سی کا لفظ استعمال مناسب ہے اور میں اس سے متفق ہوں لیکن عملی طور پر دلت لفظ استعمال کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ عام عام لوگوں کے اوپر چھوڑ دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ میں دلت پنتھر کا لیڈر رہا ہوں۔ دلت لفظ صرف ایک مخصوص ذات کے لئے نہیں بنا ہے بلکہ غریب، مزدور، کسان، جھگی جھونپڑی اور معاشرے کے مرکزی دھارے سے محروم رہنے والے شخص دلت ہوتے ہیں، اور دلت لفظ سے معاشرے کے نوجوان اپنے آپ کو فخر بھی محسوس کرتے ہیں اور آگے بڑھنے کے لئے مسلسل کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی ہائی کورٹ کے ناگپور بنچ کے فیصلے کے خلاف جلد ہی سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی جائے گی۔ دراصل گزشتہ دنوں اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر میڈیا کے لئے مشاورت جاری کر کہا تھا کہ وہ دلت لفظ کی جگہ ایس سی کا لفظ استعمال کریں۔