دبئی، 17؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا ہے۔ گرین شرٹس نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔دبئی میں کھیلے گئے ایشیاء کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف ہانگ کانگ کے کپتان انشومن راتھ نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کافیصلہ ان کی ٹیم کیلئے غلط ثابت ہوا، پوری ٹیم پاکستانی باؤلرز کا سامنا نہ کرسکی اور صرف 116 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی۔اعزاز خان 27 اور کلچت شاہ 26 رنز بناکر نمایاں اسکورر رہے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان شنواری نے 3 جبکہ حسن علی اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف دو وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ امام الحق نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔
بابر اعظم 33 اور اوپنر فخر زمان 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ بابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر میں دو ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
پاکستان اپنا اگلا میچ 19ستمبر کو ہندوستان کے خلاف کھیلے گا۔