بنگلورو میں جرائم کی وارداتوں میں ملوث17؍افراد گرفتار
بنگلورو،18/ستمبر(سایس او نیوز؍ایجنسی) ساؤتھ ۔ایسٹ ڈویژن پویس نے مختلف جرائم کے معاملات میں ملوث 17؍ملزمین کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 60؍لاکھ روپئے مالیت کے 93؍لیپ ٹاپ اور48؍دوپہیہ والی گاڑیاں ضبط کی ہیں۔ ایڈیشنل پولیس کمشنر نے آج یہاں اس کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایاکہ مڈیوال پولیس نے دوملزمین کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 85؍لیپ ٹاپ ضبط کرلئے ہیں۔ الیکٹرانک سٹی پولیس نے 3؍ملزمین کو گرفتارکرکے 21؍دوپہیہ والی گاڑیاں اور 8؍لیپ ٹاپ ضبط کی ہیں۔ بیگور پولیس نے 5؍افراد کو گرفتارکرکے 7؍دوپہیہ والی گاڑیاں اور2؍ سونے کے چین ضبط کی ہے۔ مائیکو لے آؤٹ پولیس نے دو افراد کو گرفتارکرکے8؍دوپہیہ والی گاڑیاں اور سدگنٹے پالیہ پولیس نے 5؍ملزمین کو گرفتارکرکے 12دوپہیہ والی گاڑیاں ضبط کی ہیں۔ ایڈیشنل پولیس کمشنر سونت کمار سنگھ نے ملزمین کے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ الیکٹرانک سٹی پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 34؍لاکھ روپئے مالیت کے 93؍لیپ ٹاپ ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین مڈیوال سمیت دیگر علاقوں کے مکانوں میں گھس کر لیپ ٹاپ لوٹ کر فرار ہوجایا کرتے تھے۔ اس سلسلے میں کئی افراد کی شکایتوں کے بعد ساؤتھ۔ ایسٹ ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر بورے لنگیا اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس لکشمی نارائن کی زیر نگرانی ایک پولیس ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ اس ٹیم نے اپنی کارروائی کرتے ہوئے بین ریاستی چور رمیش اور لیپ ٹاپ خریدنے والے منی کنٹن کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 30؍لاکھ روپئے مالیت کے مختلف کمپنیوں کے 85؍لیپ ٹاپ ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم رمیش تملناڈو کے شنکر پورہ کا رہنے والا ہے۔ گزشتہ دو برس سے اپنے دیگر 6؍سے 7؍ساتھیوں کی ایک ٹولی تیارکرکے شہر پہنچنے کے بعد مڈیوال، مائیکو لے آؤٹ کورمنگلا، بیٹ رائن پورہ ،ایچ ایس آر لے آؤٹ سمیت دیگر علاقوں میں مقیم سافٹ ویر انجنیئرس مقیم رہنے والے پیئنگ گیسٹ (پی جی ) میں کمروں کو نشانہ بناتے ہوئے، بھیک مانگنے کے بھیس میں ان پی جی پہنچ کر کمروں کی نشاندہی کرکے یہاں سے موبائل لیپ ٹاپ سمیت دیگر قیمتی چیزوں کو لوٹ کر فرار ہوجایا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ چرائے گئے لیپ ٹاپ کی خریدی کرنے والے منی کنٹہ چینئی کا رہنے والا ہے۔ کمپیوٹر سائنس کا تعلیم یافتہ منی کنٹہ بہت جلد مالدار بننے کے لئے غلط طریقہ اپنا رکھا تھا اورو ہ ملزم رمیش کے ساتھ مل کر گزشتہ دو برسوں سے چرائے گئے لیپ ٹاپ خریدکر انہیں تملناڈو کے مختلف بازاروں میں فروخت کرنے لگا تھا۔ مسٹر سیونت کمار سنگھ نے بتایا کہ پی جی میں لیپ ٹاپ کی چوری کررہے ملزم رادھا کرشنا کو گرفتار کرکے الیکٹرانک سٹی پولیس نے اس کے قبضہ سے 4؍لاکھ روپے مالیت کے 8؍لیپ ٹاپ ضبط کرلئے ہیں۔ مسٹر سنگھ نے مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایاکہ ساؤتھ، ایسٹ ڈویژن کی سدگنٹے پالیہ، مائیکو لے آؤٹ الیکٹرانک سٹی اور بیگور پولیس نے 14؍ملزمین کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 21.43 لاکھ روپئے مالیت کے 48؍دوپہیہ والی گاڑیاں ضبط کرلی ہیں۔ اس کے علاوہ 78؍ہزار روپئے مالیت کے زیورات بھی ضبط کرلئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سدگنٹے پالیہ پولیس نے بی ٹی ایم فرسٹ اسٹیج سائی بابا مندر سے قریب موجود پارک کے باہر کھڑی کی گئی دوپہیہ والی گاڑیوں کی چوری کرنے کا منصوبہ تیاکررہے امیر ،عمران پاشاہ ،عارف پاشاہ، سہیل پاشاہ اور مجاہد نامی ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 4؍لاکھ روپئے مالیت کے 12؍ دوپہیہ والی گاڑیاں ضبط کرلی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین نے سدگنٹے پالیہ، مائیکو لے آؤٹ ،تلک نگر پولیس تھانوں کی حدود میں موٹر سائکلیں چوری کرنے کا اقبال جرم بھی کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مائیکو لے آؤٹ پولیس نے چرائی گئی موٹر سائیکلوں سے ویلنگ اورریس میں حصہ لے رہے سلمان خان اور سید نامی دونوجوانوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 4؍لاکھ روپئے مالیت کی 8؍موٹر سائیکلیں ضبط کرلی ہیں۔ ملزمین کی گرفتاری سے مائیکو لے آؤٹ کے 2،جے نگر، جے پی نگر، پٹنہلی پولیس تھانوں میں فی کس ایک کے علاوہ کے جی ہلی، سبرامنیا نگر میں بھی دوپہیہ والی گاڑیوں کی چوری کے معاملات حل کئے گئے ہیں۔ مسٹر سنگھ نے بتایا کہ الیکٹرانک سٹی پولیس نے تملناڈو کے رہنے والے توصیف نامی ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 21؍دوپہیہ والی گاڑیاں ضبط کرلی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیگور پولیس نے ہسور روڈ ای ای سی یس لے آؤٹ سے قریب نیلگری جھاڑیوں میں موٹر سائیکل روک کر مہلک ہتھیار کے ساتھ راہ گیروں کو لوٹنے کا منصوبہ تیارکررہے اشوک، نوین، یشونت ، چلوا راج ارون ،نامی ملزمین کی گرفتاری عمل میں لاکر ان کے قبضہ سے 2.43؍لاکھ روپئے مالیت کی 7؍موٹر سائیکلیں اور 78؍ ہزار روپئے مالیت کے 28.8گرام سونے کے زیورات ضبط کرلئے ہیں۔ ملزمین کے قبضہ سے جملہ 3.21؍لاکھ روپئے مالیت کی موٹر سائیکلیں اور زیورات ضبط کرلیا ہے۔ اڈیشنل پولیس کمشنر سیونت کمار سنگھ نے ساؤتھ،ایسٹ ڈویژن پولیس کی اس کارروائی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔