یمن : صعدہ اور الجوف پر اتحادی گولہ باری میں 30 حوثی ہلاک
صنعاء ،10؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)یمن کے دو صوبوں صعدہ اور الجوف میں عرب اتحاد کے توپ خانوں کی گولہ باری کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے کم از کم 30 ارکان مارے گئے۔
"العربيہ" کے نمائندے کے مطابق یمنی فوج حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملوں کے بعد حجّہ صوبے میں حیران ضلعے کے مقابل زمینی پیش قدمی کو یقینی بنایا ہے۔
صعدہ میں زمینی ذرائع نے بتایا ہے کہ یمنی فوج نے واپس کنٹرول میں آںے والے علاقوں کو بارودی سرنگوں سے پاک کیا۔ یہ بارودی سرنگیں حوثیوں کی جانب سے وسیع رقبے پر اندھادھند طریقے سے نصب کی گئی تھیں۔
یمنی فوج نے باقم اور الملاحیط کے علاقوں میں بھی مختلف نوعیت کی کارروائیاں انجام دیں۔
اس سے قبل ہفتے کے روز یمنی فوج کے انفینٹری بریگیڈ 63 نے صعدہ صوبے کے شمال میں باقم کے محاذ پر اہم پیش قدمی کی۔ اس دوران شدید لڑائی کے بعد عرب اتحادی طیاروں کی معاونت سے متعدد دیہات اور ٹھکانوں کو واپس لے لیا گیا۔
لڑائی کے دوران درجنوں حوثی ہلاک اور زخمی ہونے کے علاوہ قیدی بھی بنا لیے گئے۔ ان کے علاوہ دسیوں حوثی باغی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ یمنی فوج نے آل صالح ، آل شریم اور آل ماطر نامی دیہات آزاد کرا لیے۔