بھٹکل میں اے پی سی آر کے زیر اہتمام قانونی بیداری کا کامیاب اجلاس عام :اپنے حقوق کے لئے سوال کرتے رہیں خوف نہ کھائیں :ماہرین کا خطاب

Source: S.O. News Service | By Abu Aisha | Published on 11th February 2018, 12:11 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل:10/ فروری (ایس اؤنیوز)جو کوئی حق کی، قانون کی بات کرتاہے اس کے ہاتھوں میں ہتھکڑی لگائی جاتی ہے ، حق کی آواز کو بند کرنےکی سازشیں ہورہی ہیں، غریبوں اور لاچاروں کی صدا کو دبایا جارہاہے، ہر طرف ڈرا ور خوف کا ماحول پیدا کیا جارہاہے ،مظلوموں ، بے سہاروں کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے، برسوں سے ہم اسی ماحول میں جی رہے ہیں، اتنے سال گزرنے کے بعدبھی کچھ نہیں بدلا، وہی پرانی باتیں دہرائی جارہی ہیں ، ہمیں احتساب کرنا ہوگا کہ ہم کہاں پہنچ گئے ہیں؟ اور جب تک ہم سوال نہیں کریں گے، حقوق کے لئے آواز نہیں اٹھائیں گے تو کچھ بھی نہیں بدلے گا۔ بدلنا ہے تو اٹھو! سوال کرو، آواز لگاؤ ۔ ان خیالات کااظہار کرناٹکا ہائی کورٹ کے سابق پروسیکیوٹر ، حقوق انسانی کے جہد کار ایڈوکیٹ بی ٹی وینکٹیش نے کیا۔

وہ یہاں جمعہ کی رات نوائط کالونی تنظیم گراؤنڈ میں اے پی سی آر بھٹکل کے زیر اہتمام ’’ملک کے جمہوری نظام کو درپیش خطرات اور اقلیتوں کا کردار‘‘عنوان پر منعقدہ قانونی بیداری کے اجلاس عام میں  مہمان خصوصی کے طورپر خطاب کررہے تھے۔ موصوف نےکہاکہ ملک سنگین حالات سے گزر رہاہے ، جو لوگ  سچ کہنے کی جرأت کرتاہے اورحق کی بات کرتاہے اس کی آواز کو دبایا اور  ختم کیا جارہاہے جس کی تازہ مثال گوری لنکیش ہے۔ مگر میں آپ سے کہتا ہوں کہ سوال کرنا بند نہ کریں بلکہ مزید لوگ سوالات کرنے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوجائیں، اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھانا بند مت کریں۔بڑی مسرت ہوتی ہے کہ آج کل ملک کےنوجوان سوال کررہے ہیں، کنہیا کمار، جگنیش میوانی ، شہلہ رشید ، رحمانی جیسے نوجوان جس طرح سوالات کررہے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ وہ ایک خوشگوار تبدیلی ہے۔ ایڈوکیٹ بی ٹی وینکٹیش نے عوام الناس بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ظلم کے خلاف ہرگز خاموش نہ رہیں، بلکہ  اپنی آواز بلند کریں اور جو لوگ آواز بلند کرتے ہیں، اُن کا ساتھ دیں۔

قانونی پیچیدگیوں اور عدالتوں کے چکر کو لے کر انہوں نے کہاکہ جب غریب ، مظلو م طبقات پر چارج شیٹ کے بعد عدالت میں کارروائی شروع ہوتی ہے تو چارج شیٹ کے مطابق انہیں معمولی سزا ہونی چاہئے مگر انہیں عمر قید کی سزا دی جاتی ہے، یہ اس لئے کہ انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ۔ جیل میں بند قیدیوں میں اکثر مسلمان، دلت، شودر اور غریب طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی کوئی خبر گیری کرنے والا نہیں ہے، یہ اس لئے ہے کہ ہم نے سوال کرنا بند کیا ہے۔ اپنے دستوری حقوق کی جدوجہد کو ترک کیا ہےاس کے نتائج صرف اسی حد تک محدود نہیں ہیں بلکہ یہ دائرہ سرکاری دفاتر تک پھیلا ہواہے، جہاں رشوت کا بازار گرم ہے، جنہیں ہمار ے کام کے لئے تقرر کیا گیا ہے وہ کام کرتے ہوئے ایسا جتاتا ہے کہ جیسے ہم پر احسان کررہاہے، یہ ہماری خاموشی کا ہی نتیجہ ہے کہ بے گناہ ، بے قصور جیلوں میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے  ایسی تمام ناانصافیوں اور برائیوں کے خلاف جدوجہد کرنے والی اے پی سی آر ٹیم کو میں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے آخر میں کہاکہ ہم سب آزاد ملک کے باشندے ہیں سب کو آزاد رہنا چاہئے ، ہم تمام قانون کی عزت کریں، ہم قانون کی حفاظت کریں گے  تو  قانون  ہماری حفاظت کرے گا۔ انہوں نے عوام سے بہتر رویہ اختیار کرنے اور ڈٹ کر بات کرنے پر زور دیا۔

اجلاس میں سماجی کارکن اور سوشیل میڈیا پر ملکی حالات کے تجزیہ نگار مغربی بنگال کی نوجوان شخصیت ولی رحمانی نے جمِ غفیر سے سیرتﷺ اورتاریخی حوالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے رکن پارلیمان ونئے کٹیار کہتے ہیں کہ یہ ملک ہندؤوں کا ہے ، مگر میں کہتاہوں کہ ونئے کٹیار ہندو نہیں ہے، کیونکہ ہندو ہمارے بھائی ہیں، ہندو دلوں کو جوڑنے کا کام کرتے ہیں دلوں کو توڑتے نہیں ۔ ولی رحمانی نےکہاکہ 1947میں ملک کا بٹوارہ کیاگیا ،بٹوارے کا قرض مسلمانوں کو ادا کرنا پڑرہاہے ، 70برسوں کے بعد دلوں کابٹوارہ کیا جارہاہے، آج بھی مسلمانوں سے کہا جاتاہے کہ پاکستان چلے جائیں ، 70برس بعد مسلمانوں سے محب وطن کی سند مانگے جانے کو دیکھیں تو سمجھ لیجئے کہ ہم کدھر جارہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہاکہ آج بھی ملک کی سرحد پر ملک کے لئے جان کی قربانی دینے کی ضرورت پڑے گی تو مسلمانوں کے بچے کفن پہن کر سرحد پر لوٹنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے زہر اور نفرت انگیز ی سے ماحول کو بربادکرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جن راستوں پر تم کاٹنے بچھا رہے ہوکل ان راہوں پرتمہارے بچوں کو بھی چلنا ہوگا ، پیر چھلنی ہونگے تو سب کے ہونگے ، اسی لئے دردمندانہ اپیل کرتاہوں کہ ہندو اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کے بیج نہ بوئیں۔ولی رحمانی ملک کے حالیہ تشدد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اس ملک کو کرنی سینا، آرایس ایس سینا، انڈین مجاہدین جیسوں کی ضرورت نہیں ہے ہمارے ملک کے لئے صرف ایک بھارتی سینا کافی ہے۔میں نے بہت پہلے کہاتھا کہ ملکی دستور خطرے میں ہے،  مرکزی وزیر نے بھی کہہ دیا کہ وہ دستور کو ختم کرنے کے لئے اقتدار پر آْئے ہیں ، مگر ملک کے لوگوں کو احساس نہیں ہورہا ہے،  آج سپریم کورٹ کے 4ججوں نے بھی کہہ دیا کہ ملک کا دستور خطرے میں ہے، مگر اس کے بائوجود عوام کا احساس جاگ نہیں رہا ہے۔ رحمانی نے بتایا کہ حالات بتارہے ہیں کہ اس ملک کی جمہوریت، دستور سب پر خطرات کا سایہ ہے  انہوں نے  ملک کے عوام کو بیدار ہونے  کی آواز دی اور کہا کہ  بیدار ہونے میں ہی ملک کی بہتری ہے۔

اجلاس عام کا آغاز حسن قاضیا کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ عرباض احمد نے  نظم ’’امن و اخوت، عدل ومحبت کا پرچار کرو۔ انسانوں کی اس نگری میں انسانوں سے پیا رکرو ‘‘ پڑھ کر  سنائی۔ اس کے بعد8سال سے زائد عرصے تک جیل میں اپنے ناکردہ گناہوں کی سزاکاٹ کر بے قصور رہاہونے والے مولانا شبیر احمد گنگولی نے اپنی سرگزشت زنداں سنائی ۔ انہوں نے اے پی سی آر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اسی تنظیم کی کوششوں سے وہ رہا ہوئے ہیں۔

اے پی سی آر کے ضلعی ناظم مولانا سید زبیر نے افتتاحی و استقبالیہ کلمات کے ساتھ اجلاس عام کی صدارت کی۔ اے پی سی آر کے ضلع جنرل سکریٹری قمرالدین مشائخ نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اے پی سی آر کے ذریعے ضلع میں قانونی بیداری کے پروگرام، ورکشاپ، راحت رسانی جیسے اہم کاموں کو انجام دیا جارہاہے ، مستقبل میں ضلع کے دوسرے مقامات پر اس کی شاخیں قائم کرتے ہوئے مظلوموں کی مدد کرنے کی بات کہی۔مشہور صحافی ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ اسماعیل ضوریز ابن ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شکریہ اداکیا ۔ اس موقع پر مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی، مولانا محمد جعفر فقی بھاؤ ندوی، نارتھ کینرا مسلم یونائیٹیڈ فورم کے جنرل سکریٹری محسن قاضی ، مجاہد مصطفیٰ، سید اشرف برماور، ایس ایم سید شکیل، عنایت اللہ شاہ بندری ، جان عبدالرحمن محتشم وغیرہ موجود تھے۔اجلاس میں عوام کی کثیر تعداد آخر تک شریک تھی ، درمیان میں تواضع کا اہتمام کیا گیا تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

اڈپی - چکمگلورو حلقے میں عمر رسیدہ افراد، معذورین نے اپنے گھر سے کی ووٹنگ

جسمانی طور پر معذوری اور عمر رسیدگی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن تک جا کر ووٹ ڈالنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے 1,407 معذورین اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 4,512 افراد نے   کرنے کے بجائے اپنے گھر سے ہی ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا ۔ 

بھٹکل میں کوآپریٹیو سوسائٹی سمیت دو مقامات پر چوری کی واردات

شہر کے رنگین کٹّے علاقے میں واقع ونائیک کو آپریٹیو سوسائٹی کے علاوہ دیہی پولیس تھانے کے حدود میں ایک دکان اور مرڈیشور بستی مکّی کے ایک سروس اسٹیشن میں سلسلہ وار چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی لوٹی گئی ہے ۔