برلسکونی کے حلیف انتونیو تاجانی یورپی پارلیمان کے نئے اسپیکر

Source: S.O. News Service | By Afeef Gawai | Published on 18th January 2017, 8:04 PM | عالمی خبریں |

واشنگٹن،18جنوری(ایس  اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اٹلی کے سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی کے اتحادی اطالوی سیاستدان انتونیو تاجانی کو یورپی پارلیمان کا نیا اسپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔ 63 سالہ سابق صحافی تاجانی کا تعلق یورپی پارلیمان میں قدامت پسندوں کی پارٹی سے ہے۔فرانس کے شہر اسٹراسبرگ سے ملی رپورٹوں کے مطابق انتونیو تاجانی ماضی میں اطالوی نشریاتی ادارے Raiکے علاوہ اِل جیورنالے نامی اخبار سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں اور سیاست میں سابق اطالوی وزیر اعظم سلویو برلسکونی ایک طرح سے ان کے استاد رہے ہیں۔انتونیو تاجانی برلسکونی کی جماعت فورسا اِٹالیا کے بانی ارکان میں سے ایک ہیں، جنہیں اب تک یورپی سیاست کا بھی بہت تجربہ ہو چکا ہے۔ ان کے بارے میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اپنے بہت مہنگے اور جدید وضع کے لباس اور بہت قیمتی گھڑیاں پسند کرنے کی وجہ سے مشہور تاجانی کا منگل سترہ جنوری کی رات یورپی پارلیمان کے اسپیکر کے طور پر انتخاب کافی غیر متوقع تھا۔

تاجانی ایک بہت اچھے مقرر ہیں اور انہیں اطالوی کے علاوہ کئی غیر ملکی زبانوں پر بھی مکمل دسترس حاصل ہے، جن میں انگریزی، فرانسیسی اور ہسپانوی زبانیں بھی شامل ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق تاجانی کے بارے میں یورپی پارلیمان کے ایک ذریعے نے تو مذاق کرتے ہوئے یہ بھی کہا، وہ بولتے بہت ہیں لیکن کچھ کہتے نہیں ہیں۔

تاجانی کے انتخاب کے بعد اس موضوع پر اپنے ایک تفصیلی مراسلے میں اے ایف پی نے اسٹراسبرگ سے لکھا ہے کہ انتونیو تاجانی نے یورپی پارلیمان میں مرکز سے دائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے قدامت پسندوں کے دھڑے میں، جس کا نام یورپی پیپلز پارٹی یا EPPہے، سابق اطالوی وزیر اعظم برلسکونی کے اثر و رسوخ کو وسعت دینے میں طویل عرصے تک کافی زیادہ کوششیں کیں۔

تاجانی بظاہر برلسکونی سے اتنے متاثر ہیں کہ وہ انہی کی طرح کے بڑے اسٹائلش سیاہ رنگ کے سوٹ اور ٹائیاں پہنتے ہیں، وہ اگر کسی سے ملتے ہیں تو بڑی مضبوطی سے ہاتھ ملاتے ہیں اور اپنے ہشاش بشاش نظر آنے کو بھی بڑی اہمیت دیتے ہیں۔تاجانی کا یورپی پارلیمان کے اسپیکر کے طور پر انتخاب یورپی پیپلز پارٹی کے سربراہ مانفریڈ ویبر کے لیے اس وجہ سے ایک دھچکا ہے کہ تاجانی ویبر کے حمایت یافتہ امیدوار نہیں تھے۔

ویبر کے ایک قریبی سیاسی ساتھی نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا، تاجانی صنعتی شعبے کے ساتھ اپنے تعلقات کی وجہ سے بہت متنازعہ ہیں اور ان پر برلسکونی کی چھاپ بھی بہت گہری ہے۔یورپی پارلیمان کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے رکن آندریاز شواب نے تاجانی کے انتخاب کے بارے میں کہا، یورپی پیپلز پارٹی یورپی پارلیمان میں منتخب ارکان کا سب سے بڑا حزب ہے۔ انتونیو تاجانی اس لیے منتخب کر لیے گئے کہ وہ ہمیشہ مخلص رہے ہیں اور ہر رکن پارلیمان انہیں ذاتی طور پر جانتا ہے۔نئے اسپیکر کے بارے میں یہ بات بھی مشہور ہے کہ ان کی سب سے بڑی طاقت یہ ہے کہ وہ اس 751رکنی ایوان کے نہ صرف ہر منتخب رکن کو ذاتی طور پر جانتے ہیں بلکہ وہ اب تک 28رکنی یورپی یونین کے انتظامی بازو یورپی کمیشن کی اعلیٰ قیادت سے بھی بہت اچھے تعلقات رکھتے ہیں۔

یورپی پارلیمان کے موجودہ اسپیکر اور جرمن سوشل ڈیموکریٹ سیاستدان مارٹن شُلس، دائیں، اٹلی کے انتونیو تاجانی کو نیا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے۔تاجانی 1994ء سے یورپی پارلیمان کے رکن چلے آ رہے ہیں اور وہ دو ہزار آٹھ سے لے کر دو ہزار دس تک یورپی یونین کے ٹرانسپورٹ سے متعلقہ امور کے نگران کمشنر اور دو ہزار دس سے دو ہزار چودہ تک صنعتی امور کے یورپی کمشنر بھی رہ چکے ہیں۔انتونیو تاجانی کے یورپی پارلیمان کے اسپیکر کے طور پر انتخاب کے سلسلے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ تاجانی جرمنی سے تعلق رکھنے والے سوشل ڈیموکریٹ مارٹن شُلس کے جانشین منتخب ہوئے ہیں، جن کے اپنے سیاسی کیریئر کے بہت اونچائی تک پہنچنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ یورپی سطح پر سلویو برلسکونی اور ان کی سیاست کے بڑے لیکن اصول پسند ناقد تھے۔مارٹن شُلس کے دور میں یورپی پارلیمان کے اسپیکر کا عہدہ اتنا مضبوط اور نمایاں ہو گیا تھا جتنا اس سے پہلے کبھی نہیں تھا۔ لیکن تاجانی اپنے پیش رو شُلس کے مقابلے میں مختلف حکمت عملی اپنائیں گے۔ اس کا ایک ثبوت ان کا اپنے انتخاب سے قبل بار بار دیا جانے والا یہ بیان ہے، ہمیں یورپی پارلیمان کے بہت طاقت ور اسپیکر کی نہیں، بہت مضبوط یورپی پارلیمان کی ضرورت ہے۔
 

ایک نظر اس پر بھی

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔

ایران کا اسرائیلی جہاز پر قبضہ، جہازپر سوار 17 ہندوستانیوں کی رِہائی کے لئےکوششیں تیز؛ کیا ایران اپنے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ لے گا ؟

 اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی  اور  آبنائے ہرمز کے قریب  اسرائیل پر ایرانی حملے کے بڑھتے  خدشات کے درمیان ایرانی فوج  نے  ایک اسرائیلی کارگو  جہاز پر قبضہ کر لیا  جس میں 17 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  معاملہ سامنے آنے کے بعد  حکومت ہند ...