انکولہ کے قریب ہوائی اڈے کا مجوزہ منصوبہ۔ مقامی افراد کی جانب سے سخت مخالفت
انکولہ20؍ستمبر (ایس او نیوز)یہاں سے قریب الگیری نامی دیہات میں مجوزہ ہوائی اڈے کی تعمیر کے سلسلے میں ریوینیو افسران نے جب اچانک علاقے کا سروے شروع کیا تو گاؤں کے لوگ حیران ہوگئے۔ اس کے ساتھ پورے گاؤں کے لوگوں نے اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں، لیکن ہوائی اڈے کی تعمیر کے لئے اپنے گاؤں کی ایک انچ زمین بھی نہیں دیں گے۔
الگیری کے عوام کا کہنا ہے کہ بحریہ کے سی برڈ منصوبے کے لئے1984میں عوام پہلے ہی اپنی زمینیں گنواچکے ہیں۔ اب دوبارہ ہماری بچی کھچی زمین کو ہوائی اڈے کی تعمیر کے لئے قبضے میں لینے اور زخموں پرمزید نمک چھڑکنے کا کام حکومت کی طرف سے نہ کیاجائے۔ عوامی طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ متحدہ طور پر اس منصوبے کی مخالفت کی جائے گی۔ اس ضمن میں 27ستمبر کو بالی گوُلی میں نیشنل ہائی وے پر راستہ روکو احتجاج کیا جائے گا۔
اس معاملے پر غور کرنے کے لئے بلائی گئی گاؤں والوں کی میٹنگ میں ونود گاؤنکر نے کہا کہ نیوی اڈے کے لئے اپنی زمینیں دے کر ہم لوگ پہلے ہی بے گھر ہوچکے ہیں۔ اب ہمیں اس علاقے میں کسی ہوائی اڈے کی ضرورت نہیں ہے۔اس کے باوجود افسران سروے کا کام آگے بڑھائیں گے تو پھر اس کے بعد جو بھی ناخوشگوار حالات پیدا ہونگے اس کے لئے افسران ہی ذمہ دار ہونگے۔اس کے علاوہ گاؤں کے کئی ذمہ دارافراد نے اس موقع پر خطاب کیا او ر کسی بھی قیمت ہوائی اڈے کے لئے اپنی زمینوں کو حکومت کی تحویل میں دینے سے انکار کیا۔