بھٹکل انجمن کالج کی طالبہ کرناٹک یونیورسٹی والی بال ٹیم کے لئے منتخب؛ بھٹکل سے کرناٹک ٹیم کے لئے منتخب ہونے والی پہلی خاتون کھلاڑی
بھٹکل 12/اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل انجمن ڈگری اینڈ پی جی کالج کی ایک طالبہ ۔ کماری سندرا ٹیوان پنٹو ۔ والی بال میں اپنے بہترین کھیل کا پرفارمینس پیش کرتے ہوئے کرناٹک یونیورسٹی والی بال ٹیم کے لئے منتخب ہوگئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بھٹکل کی تاریخ میں یہ پہلی خاتون کھلاڑی ہیں جسے یونیورسٹی بلیو بننے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ سندرا پینٹو انجمن ڈگری اینڈ پی جی سینٹر میں ایم کام فرسٹ ائیر کی طالبہ ہے اور وہ ہوناور کی رہنے والی ہے۔
انجمن ڈگری اینڈ پی جی کالج کے فزیکل ڈائرکٹر مسٹر کلیم اللہ نے بتایا کہ ہوناور کی ایس ڈی ایم کالج میں8 اور 9 کھلاڑیوں کا ٹرائل لیا گیا تھا جس میں کرناٹک کی ڈھائی سوکے قریب کالجس کی کئی طالبات نے حصہ لیا تھا، کھلاڑیوں کے بہترین پرفارمینس کے پیش نظر اُس میں سے 12 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا جس میں بھٹکل انجمن کالج کی طالبہ سیندرا بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک یونیورسٹی ٹیم میں شامل ہونے والی یہ بھٹکل کی پہلی خاتون کھلاڑی ہے۔ ایسا سمجھا جاتا ہے کہ اس سے پہلے بھٹکل سے کسی بھی کھیل مقابلوں میں کوئی بھی خاتون کھلاڑی ریاست گیر سطح پر منتخب نہیں ہوئی تھی۔
کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ، ڈپارٹمنٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس کی طرف سے جاری کئے گئے سرکیولر میں سندرا پینٹو کو اب پڑوسی ریاست کیرالہ کے کنّور میں 20/ اکتوبر سے 25/ اکتوبر تک ہونے والے انٹر یونیورسٹی والی بال ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لئے کہا گیا ہے۔ سرکیولر میں بتایا گیا ہے کہ کرناٹک یونیورسٹی کی والی بال (ویمن ٹیم) میں کماری سندرا پینٹو کو شامل کیا گیا ہے،اور اُسے کالج کے ضروری دستاویزات کے ساتھ دھارواڑ کالج کیمپس میں ہونے والے کوچنگ کیمپ میں بھی شریک ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔
توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ سندرا پینٹو کیرالہ میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے انجمن کالج کا نام روشن کریں گی۔ انجمن عہدیداران نے اس موقع پر اس کھلاڑی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔