امبریش کی وزارت میں واپسی خارج از امکان:سدرامیا
بنگلورو:22/اپریل(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے سابق ریاستی وزیر اور منڈیا کے سینئر کانگریس لیڈر وفلم اسٹارامبریش کی ریاستی کابینہ میں واپسی کے متعلق خبروں کو قیاسی قرار دیا۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امبریش کو دوبارہ وزارت میں شامل کرنے کاکوئی منصوبہ ان کی یا پارٹی کی سطح پر زیر غور نہیں ہے،اور نہ ہی ان کووزارت میں شامل کرنے کاسوال پیدا ہوتا ہے۔ حال ہی میں ان کی ریاستی وزراء کے جے جارج اور ایم بی پاٹل کے ہمراہ امبریش کی رہائش گاہ پر ہوئی ملاقات کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ یہ بات سچ ہے کہ انہوں نے امبریش کی رہائش گاہ پہنچ کر ریاستی وزراء کے ہمراہ ان سے تقریباً ایک گھنٹے کی بات چیت کی، لیکن اس بات چیت کا کوئی اور مطلب قطعاً نہ نکالا جائے۔انہوں نے کہاکہ اس ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں ہمہ قسم کی قیاس آرائیاں ہورہی ہیں، وہ اس سلسلے میں واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وزارت کی تشکیل یا امبریش کی واپسی کے متعلق اس ملاقات کے دوران کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے متعلق ایک سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مرکزی حکومت پہلے تجارتی بینکوں سے کسانوں کی طرف سے لئے گئے قرضوں کومعاف کرنے کااعلان کرے اس کے فوراً بعد ریاستی حکومت کوآپریٹیو اداروں سے لئے گئے قرضہ جات معاف کرے گی۔