اردویونیورسٹی کو 4 نئے فاصلاتی کورسز کے آغاز کی اجازت، یو جی سی کا اہم اقدام، 6 کورسز کی مسلمہ حیثیت میں دو سال کی توسیع، محمد اسلم پرویز کا اظہار اطمینان
حیدرآباد:14/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی نظامت فاصلاتی تعلیم کی جانب سے چلائے جارہے 6 مختلف کورسز کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے مزید دو تعلیمی سال کے لیے مسلمہ حیثیت دیتے ہوئے یونیورسٹی کو فاصلاتی طرز پر ایم اے عربی ، ایم اے اسلامک اسٹڈیز ، ایم اے ہندی اور بی کام پروگرامس کے آغاز کی اجازت دے دی ہے۔ یو جی سی، ڈسٹنس ایجوکیشن بیورو (ڈی ای بی) کے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے بموجب کمیشن نے حال ہی میں منعقدہ اپنے 534 ویں اجلاس میں اردو ذریعہ تعلیم کے طلبہ کے استفادہ کے لیے یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن نے ایم اے عربی، ہندی ، اسلامک اسٹڈیز اور بی کام کے آغاز کی اجازت دینے کے علاوہ بی اے، بی ایس سی (کیمسٹری، باٹنی، زولوجی اور فزکس، کیمسٹری، میتھیمیٹکس)، ایم اے (انگریزی، اردو اور تاریخ)کو 2018-20 مزید دو برس کے لیے مسلمہ حیثیت دے دی ہے۔اس کے علاوہ نظامت فاصلاتی تعلیم ، مانو میں مزید چار پروگرام ؛ ’’جرنلزم اینڈ ماس کمیونکیشن‘‘ اور ’’ٹیچ انگلش‘‘ اور سرٹیفکیٹ پروگرامس ’’اہلیت اردو بذریعہ انگریزی‘‘ اور ’’فنکشنل انگلش‘‘ بھی چلائے جارہے ہیں۔ یو جی سی ، ڈی ای بی کے قواعد کے مطابق ڈپلوما اور سرٹیفکیٹ کورسز کو قبل از وقت منظوری ضروری نہیں۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں سے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ وہ فاصلاتی کورسز کی مسلمہ حیثیت کے لیے درخواست داخل کرتے ہوئے یو جی سی (اوپن و فاصلاتی اکتساب) قواعد 2017 اور ترمیمات پر سختی کے ساتھ عمل کریں تاکہ انہیں تنقیح کے پہلے مرحلے میں منظوری مل جائے۔ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر یونیورسٹی نے یو جی سی سے مختلف کورسز کی مسلمہ حیثیت کی برقراری اور چار نئے کورسز کے آغاز کی اجازت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسے اردو یونیورسٹی کی ترقی اور اردو ذریعہ تعلیم کے فروغ میں معاون قرار دیا۔ انہوں نے نظامت فاصلاتی تعلیم کے ارکان کو مبارکباد بھی دی۔ تمام مسلمہ کورسز کے لیے جلد ہی داخلہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔