بنگلورو میں ٹرانسپورٹ ہڑتال پوری طرح ناکام
بنگلورو،7؍اگست(ایس او نیوز) موٹر وہیکل ایکٹ میں ترمیم واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ٹرانسپورٹ ہڑتال کے لئے جو آواز دی گئی تھی وہ بے اثر ہوگئی۔ ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کی یونین آل کرناٹکا اسٹیٹ ٹرانسپورٹ ملازمین فیڈریشن آٹو رکشا یونینوں اور ٹیکسی اسوسی ایشنوں کی طرف سے ٹرانسپورٹ بند کے لئے جو نعرہ دیاگیا تھا اس پر کوئی ردعمل دیکھنے کو نہیں ملا۔ سی آئی ٹی یو کے مٹھی بھر کارکنوں نے اپنے مطالبات پر زور دینے کے لئے شہر کے ٹاؤن ہال کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا اور میسور بینک تک جلوس نکالا۔اس موقع پر احتجاجی کارکنوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹ شعبے کو موٹر وہیکل ایکٹ میں ترمیم کی وجہ سے جس نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اس کے متعلق آگہی نہ ہونے اور حکومت کی طرف سے ٹرانسپورٹ شعبے کو گمراہ کئے جانے کی وجہ سے یہ ہڑتال اتنی اثر دار نہیں رہی۔ ان کارکنوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں موٹر وہیکل قانون میں ترمیم واپس لینے کے مطالبے پر تحریک میں مزید شدت لائی جائے گی اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ریاستی سطح پر ٹرانسپورٹ کی ہڑتال اور بھی زیادہ کامیاب پیمانے پر کی جائے۔