جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور میں جلسہ الوداعیہ؛ مولانا رابع ندوی کی دُعا پر مدرسہ سے 13 علماء 8 مفتیان 4 قراء اور2 حفاظ فارغ؛ انگلش میڈیم کی نئی عمارت کا ہوا شاندار افتتاح

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 6th February 2018, 2:41 PM | ساحلی خبریں |

 کنڈلور،6؍فروری(ایس او نیوز) "انسان حقیقتا مٹی کی تخلیق ہے اور اس میں اولاً اسی کی خصوصیت ہے کہ وہ نیچے  پیروں میں رہے، یہی وجہ ہے کہ انسان میں اصلاً گھٹیا پن اور حیوانیت کا عنصر ہے،بس فرق صرف اس بنا پر ہے کہ وہ سیکھے اور بالخصوص آسمانی تعلیمات کو اپنی زندگی میں  شامل کرے کیونکہ آسمانی علوم چونکہ وحی و نبوت کے ذریعہ آتے ہیں اور وہ بلندی پر ہیں اسی لئے جو اسے جتنا مانے گا ،عمل کرے گا وہ اتنا ہی اپنے آپ کو بلند کر پائے گا اگر اس نے ایسا نہیں  کیا تو اس کا حیوانیت سے اٹھنا ممکن نہیں ہے بلکہ وہ اس سے بھی بد تر ہو جائے گا،اسی لئے عصر حاضر کے لوگ اگرچہ تعلیم یافتہ ہوں تب بھی اگر انہیں موقع ملے تو جرائم کرنے سے باز نہیں آسکتے اور اسی تعلیم سے انسان کو انسان بنانے کی کار گاہ یہ مدارس ہیں" ان خیالات کااظہارجانشین مفکراسلام حضرت مولاناسیدمحمدرا​بع حسنی ندوی دامت برکاتہم(صدرآل انڈیامسلم پرنسل لاء بورڈ وناظم ندوہ العلماء لکھنوء ) نے کیا ۔ وہ یہاں سنیچر 3/فروری کو جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور میں مدرسہ سے فارغ ہونے والے علماء و مفتیان قراء اور حفاظ کے اعزاز میں منعقدہ جلسہ سے خطاب فرمارہے تھے۔اس موقع پر معلومات فراہم کرتے ہوئے  ناظم جامعہ مولانا عبیداللہ صاحب ندوی نے بتایا کہ امسال مدرسہ سے  13 علماء 8 مفتیان 4 قراء اور2 حفاظ فارغ ہورہے ہیں۔

   اس سے قبل حضرت مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی دامت برکاتھم نے پیام انسانیت پر پر مغز خطاب فرمایا اوراس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ  دین میں تفقہ پیدا کیا جائے جس کا مطلب یہ ہے کہ کب کس وقت کس کی  کتنی ضرورت ہے اس کو سمجھنا چاہئے اور پھر اس پیغام کو دوسروں تک پہونچایا جائے، ان کے مطابق آج ہمارے اور غیر مسلموں کے درمیان کی خلیج کو بڑھانے میں سب سے برا کردار ہمارے اخلاق  رذیلہ کا ہے،کیونکہ وہ آپ کو آپ کے آفیسوں اور دکانوں میں دیکھتے ہیں نہ کہ آپ کے مراکز میں ، حالانکہ اسلام اعلی اخلاق پیدا کرنے کا پیغام دیتا ہے؛بلکہ یہی آپ کی بعثت کا مقصد بھی قرار پایا ہےاور اسی نے آپ کو سب سے بلند مقام عطا کیا، انہوں نے مسلمانوں کو تاکید کی کہ  ہمیشہ اعتدال پسند بنیں،یہی دین اور انسان کی خوبصورتی بھی ہے۔

 اجلاس کی نظامت استاذ جامعہ مولانا ضمیر صاحب رشادی نے فرمائی .جس میں عالیہ رابعہ کے طلبہ نے اپنے تعلیمی سفرکے تاثرات پیش کیے ان تاثرات کو سن کر سرپرستان و سامعین اشک بار ہو گیے تھے.درجہ تدریب افتاء کے دو فضلاء نے بھی اپنے تاثرات میں اس شعبہ کے فوائد پر روشنی ڈالی۔

جلسہ کا آغاز   صمید کوکنی ( پنجم عربی ) کی تلاوت کلام پاک سے ہوا  اور نعتیہ کلام اسامہ رتناگری نے پیش کیا.نیز عبدالسبحان بھٹکل نے فارغ ہونے والے  طلبہ کے اعزاز میں الوداعیہ نظم پیش کی اسٹیج پرجلوہ افروز ملک کے موقر علماء کرام کی آمد پر استاذ جامعہ مفتی عبدالکریم ندوی  نے اہل ضیاء کی طرف سے انوکھے انداز میں استقبالیہ پیش کیا.آخیر میں ناظم جامعہ مولانا عبیداللہ صاحب نے مہمانوں اور جلسہ میں شریک سرپرستان و عاشقان جامعہ کا شکریہ ادا کرتے ہوے فرمایا کہ حضرت مولانا اور ان کے رفقاء کی آمدصرف جامعہ اوراہل کنڈلورہی کے لیے نہیں بلکہ ہمارے پورے علاقہ کے لیے باعث خیروبرکت ہے۔

نیز اپنے دلی جذبات اور احساسات کو پیش کرتے ہوے یہ اپیل اور درخواست کی کہ اپنی اولاد کو دینی علوم سے آراستہ کرانا وقت کی ایک ضرورت ہے اوراسی ضرورت کی تکمیل  کا کام جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور کر رہا ہے.اس کے بعد صدر جلسہ حضرت مولانا کی دعا پر پررونق مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔

ضیاء پبلک انگلش میڈیم  اسکول کی نئی عمارت کا شاندار افتتاح

بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ اُنہیں عصری علوم سے بھی  آراستہ کرنے کنڈلور میں ضیاء انگلش میڈیم اسکول کی شروعات کی گئی ہے، جس کی نئی عمارت کا افتتاح سنیچر کو  مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کی دُعا پر ہوا۔ اس موقع پر مولانا رابع ندوی نے ذمہ داران کی کوششوں کو خوب سراہا، دعائیں دیں اور اس  اسکول کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اس موقع پر   گفتگو کرتے ہوئے مولانا عُبیداللہ کنڈلوری ندوی نے بتایا کہ   اس انگلش میڈیم اسکول میں بچوں کوعصری علوم کے ساتھ  دینی تعلیم کا  بھی نظم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جب ہمارا نوجوان جدید عصری تعلیم سے بھی آراستہ ہوگا تو وہ دورِ حاضر کے مختلف مسائل اور چیلنجز کا نہ صرف سامنا کرسکے  گا بلکہ اُن کا سختی سے ڈٹ کر مقابلہ بھی کرسکے گا۔ اس لئے نوجوانوں کو  دین کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم سے بھی آراستہ کرنا وقت  کی اہم ضرورت ہے، جس کو دیکھتے ہوئے انگلش میڈیم اسکول سن 2000 میں  قائم کیا گیا ، اس وقت ایل کے جی سے ساتویں تک قریب 400 طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب اس نئی عمارت کے افتتاح کے بعد  میٹرک تک تعلیم دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اور  آئندہ چل کر یہاں کالج  بھی قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

اُتر کنڑا میں آج سے 30 اپریل تک چلے گی عمر رسیدہ، معذور افراد کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی سہولت

ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے معذورین اور 85 سال سے زائد عمر والوں کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے، اتر کنڑا میں آج سے اس کی آغاز ہو گیا ہے اور 30 اپریل تک یہ کارروائی چلے گی ۔

انجمن گرلز کے ساتھ انجمن بوائز کی سکینڈ پی یو میں شاندار کامیابی پر جدہ جماعت نے کی ستائش؛ دونوں پرنسپالوں کوفی کس پچاس ہزار روپئے انعام

انجمن گرلز پی یو کالج کے ساتھ ساتھ انجمن بوائز پی یو کالج کے سکینڈ پی یو سی میں قریب97  فیصد نتائج آنے پربھٹکل کمیونٹی جدہ نے دونوں کالجوں کے پرنسپال اور اساتذہ کی نہ صرف ستائش اور تہنیت کرتے ہوئے سپاس نامہ پیش کیا، بلکہ ہمت افزئی کے طور پر دونوں کالجوں کے پرنسپالوں کو فی کس ...

اُتر کنڑا میں نریندرا مودی  کا دوسرا دورہ - سرسی میں ہوگا اجلاس - کیا اس بار بھی اننت کمار ہیگڑے پروگرام میں نہیں ہوں گے شریک ؟

لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی امیدوار کی تشہیری مہم کے طور وزیر اعظم نریندرا مودی ریاست کرناٹکا کا دورہ کر رہے ہیں جس کے تحت 28 اپریل کو وہ سرسی آئیں گے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نریندرا مودی نے اسمبلی الیکشن کے موقع پر اتر کنڑا کا دورہ کیا تھا ۔

دکشن کنڑا میں آج ختم ہو رہی عام تشہیری مہم - نافذ رہیں گے امتناعی احکامات - شراب کی فروخت پر رہے گی پابندی

دکشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن کی طرف سے جاری کیے گئے احکامات کے مطابق لوک سبھا الیکشن سے متعلق عوامی تشہیری مہم اور اجلاس وغیرہ کی مہلت آج شام بجے ختم ہو جائے گی جس کے بعد 48 گھنٹے کا 'سائلینس پیریڈ' شروع ہو جائے گا ۔