بھٹکل میں ننھے منے بچوں کو قرانی تعلیمات کے ساتھ عصری تعلیم سے مزین کرنے الفطرہ اسلامک اسکول کاشاندار افتتاح

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 25th June 2018, 3:34 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 25/جون (ایس او نیوز) قومی تعلیمی ادارہ  انجمن حامئی مسلمین بھٹکل اپنے سوسال مکمل کرنے  کی خوشی میں بھٹکل کے مسلمانوں کے لئے  الفطرہ  پری اسلامک اسکول کا  بہترین تحفہ پیش کیا ہے، ۔جہاں   ننھے منے بچوں کو عربی میڈیم میں  قرانی اور اسلامی تعلیم کے ساتھ   ساتھ عصری تعلیم بھی فراہم کی جائے گی۔اس اسلامک اسکول میں تین سالہ کورس پڑھایا جائے گا جس میں قران کا تین دور مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ  دعائیں، حدیث  اور اسلامی بنیادی معلومات سے بچوں کو مزین کیا جائے گا۔

بھٹکل بستی روڈ پرقائم اس اسکول کا افتتاح  بھٹکل کے قاضی صاحبان کے ہاتھوں اور اُن کی دعائوں سے  اتوار صبح  عمل میں آیا جس  میں اسکول کے تعلق سے مکمل معلومات فراہم کی گئی۔

 اس  موقع پر انجمن کے جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل نے واضح کیا کہ  اسکول میں  پونے تین سال  سے  ساڑھے تین سال کی عمر کے  بچوں تک کو داخلہ دیا جائے گا اور یہاں تین سال کا کورس ہوگا جس میں بچوں کو خالص دینی  نقطہ نگاہ سے عربی میڈیم میں تعلیم دی جائے گی، مگر  ساتھ ساتھ  اُنہیں انگریزی اور عصری  تعلیم  سے بھی آراستہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکول کے ذریعے ہمارا مقصدقرانی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ مزید   بتایا کہ اس اسکول کے لئے خصوصی طور پر بھٹکل کی ماہر ٹیچروں کو جو قران کی حافظہ، عالمہ  اور گریجویٹ ہیں،   ریاست کیرالہ کے کالی کٹ  بھیج کر  ایک ماہ   کی ٹریننگ  دلائی گئی ہے۔

جناب صدیق اسماعیل کے مطابق الفطرہ اسکول میں ایک کلاس میں 24 بچے اور ان کے لئے دو ٹیچرس  مختص ہوں گے ساتھ میں بچوں کی دیکھ ریکھ کے لئے ایک ملازمہ بھی ہوگی۔ انجمن کے ماتحت چلنے والے اس اسکول میں کالی کٹ میں واقع  انجمن تعلیم القران  کا نصاب  تعلیم  پڑھایا جائے گا۔ نیز اکسفورڈ یونیورسٹی  کی انگریزی، سائنس  اور میتھس وغیرہ پڑھائی جائے گی۔

جناب صدیق اسماعیل کےمطابق تین سے چھ سال تک کی عمر ؛ بچے کی تربیت حاصل کرنے کی عمر رہتی ہے، اس عمر میں وہ اپنے آس پاس جو کچھ دیکھتا ہے اور سنتا ہے، اُسی کو  وہ اپنے اندر سمونے کی کوشش کرتا ہے، اسی بات کو مد نظر رکھ کر ہم نے  اُسے ابتداء میں ہی عربی میڈیم کے ذریعے قرانی  تعلیم  دیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ بچے کی بنیاد اگر اسلام اور قران کی تعلیم پر ہوگی تو وہ  ہمیشہ اسلام پر سختی کے ساتھ ڈٹا رہے گا اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

الفطرہ اسکول کی افتتاحی تقریب میں  مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا  خواجہ معین الدین اکرمی مدنی سمیت جماعت المسلمین کے نائب قاضی مولانا عبدالعظیم قاضیاء ندوی نے  خطاب کرتے ہوئے  انجمن کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔مولانا خواجہ مدنی نے انجمن کےذمہ داران پر زوور دیا کہ وہ پہلے خود اپنے بچوں کو انجمن کے اداروں میں تعلیم دلوائیں، اسی سے انجمن کو زیادہ تقویت ملے گی۔

انجمن کے صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو نے  پروگرام کی صدارت کی۔ کالی کٹ سے خصوصی طور پر تشریف فرما  انجمن تعلیم القران کے سکریٹری جناب  یونس شاہ بندری نے بھٹکل میں  الفطرہ اسکول کی شروعات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ادارہ کی جانب سے ہرممکن تعائون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر انجمن کے کافی دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

پروگرام کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے جناب صدیق اسماعیل نے بتایا کہ  ہمارا ارادہ پہلے سال میں دو کلاسس کےذریعے اسکول شروع کرنے کا تھا، مگر ٹیچروں کی  کمی کی وجہ سے  بعد میں ہم نے  تین تربیت یافتہ ٹیچرس کے ذریعے پہلے سال   صرف ایک کلاس سے ہی  اسکول کی شروعات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کلاس میں 24 بچوں کا کوٹہ  فل ہوچکا ہے، اس کے علاوہ مزید دس سے زائد والدین نے رابطہ کیا ہے، مگر کوٹہ فُل  ہونے کی وجہ سے اس سال ہم  مزید بچوں کو داخلہ دینے سے قاصر ہیں۔ مزید بتایا کہ اگلے سال انشاء اللہ اس اسکول کے لئے ہمیں کم ازکم چھ  مزید ٹیچروں کی ضرورت ہوگی اور ہم انہیں انشاء  اللہ   کالی کٹ انجمن تعلیم القران روانہ کرکے ایک ماہ کی ٹریننگ دلائیں گے اور آئندہ سال انشاء اللہ ہمارا دو کلاس شروع کرنے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الفطرہ میں تین سال کا کورس مکمل کرنے کے بعد بچوں کو سیدھے پہلی جماعت میں داخلہ دلایا جائے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے  تعائون کی اپیل کی ۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔