کوچی ائرپورٹ پر ائیر انڈیا ایکسپریس فلائٹ کا حادثہ ٹل گیا؛ فلائٹ اچانک گھومنے سے مسافروں میں خوف کی لہر
کوچی 5ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ابو ظہبی سے کوچی پہنچنے والا ایئر انڈیا ایکسپریس ائرپورٹ پر پارکنگ کے لئے آگے بڑھنے کے دوران اچانک گھوم جانے سے مسافروں میں خوف وہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی، مگر اللہ کا کرم کسی کو کچھ نقصان نہیں پہنچا اور سبھی مسافر محفوظ رہ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ صبح قریب 2:40 پر یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب طیارہ ائرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد پارکنگ کے لئے آگے بڑھ رہا تھا کہ اچانک طیارہ ایک طرف گھوم گیا اور میڈیا میں جو فوٹوز آئے ہیں اُس کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ طیارہ گھومنے کے بعد اس کا ایک پہیہ ایک نالے میں گرکر پھنس گیا ہے۔
فلائٹ میں 102 مسافر سوار تھے، اس واقعے میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور سیڑھیوں کے ذریعے فوری طور پر مسافروں کو اُتار کر انہیں ائرپورٹ لے جایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد طیارے کو اُڑان بھرنے سے روک دیا گیا۔ جہاز کے ماہرین واقعے کی چھان بین کررہے ہیں۔