بنٹوال تعلقہ کو 2مہینوں بعد امتناعی احکامات سے چھٹکارہ ملا
بنٹوال3؍اگست (ایس او نیوز)مسلسل فرقہ وانہ کشیدگی اورمتواترقاتلانہ حملوں کی وجہ سے گزشتہ کچھ مہینوں سے سرخیوں میں رہنے والے بنٹوال تعلقہ کو بالآخر2مہینوں بعدوہاں پرنافذ امتناعی احکامات سے چھٹکارہ مل گیا ہے۔
بنٹوال تعلقہ میں بگڑتے ماحول پر قابو پانے اور شانتی بنائے رکھنے کے لئے کریمنل پروسیجر ایکٹ کی دفعہ 144اورکرناٹکا پولیس ایکٹ کی دفعہ35کے تحت امتناعی احکامات نافذ کیے گئے تھے۔اب امتناعی احکامات واپس لیے جانے کے بعد یہاں پربحالئ امن کے لئے تعینات کیے گئے تمام حفاظتی دستوں کوبھی واپس بھیج دیاگیا ہے۔
خیال رہے کہ 26مئی کو دو افراد کے بیچ شروع ہونے والے جھگڑے نے فرقہ وارانہ رنگ اختیار کیاتو اس کا سلسلہ دراز ہوتاگیا جس میں اشرف کلائی اور شرتھ مڈیوال مرڈر کیس سے پورے جنوبی کینرا ضلع میں فرقہ وارانہ کشیدگی بہت زیادہ بڑھ گئی تھی اور سنگھ پریوار کے لیڈروں نے اپنے اشتعال انگیز بیانات سے جلتی پر تیل کاکام شروع کیا تھا۔ اشرف کلائی کے قتل میں ملوث ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ شرتھ مڈیوال کیس میں ابھی تک ملزمین پولیس کے ہاتھ نہیں لگے ہیں۔