ٓٓارون جیٹلی نے دہشت گردانہ حملے کو بزدلانہ حرکت قرار دیا
نئی دہلی، 17؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ا یس انڈیا )دفاع اور خزانہ کے مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے تمام 6پولیس والوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔جیٹلی نے شہید ہوئے اہلکار کے غم زدہ اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے، جیٹلی نے اس واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلی قرار دیا ہے۔دراصل جموں و کشمیر کے اننت ناگ میں جمعہ کو دہشت گردوں کے گھات لگا کر کئے گئے حملے میں ایک سب انسپکٹر سمیت 6پولیس اہلکار کی شہید ہو گئے تھے، دہشت گردوں نے شہیدوں کے لاشوں کی بے حرمتی بھی کی اور ان کے چہروں کو مسخ کردیا۔حملے کو انجام دے کر دہشت گرد اپنے ساتھ پولیس والوں کے ہتھیار بھی لیتے گئے۔جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے تھاجی واڑہ اچبل میں گھات لگا کر بیٹھے دہشت گردوں نے جیپ پر سوار پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔جموں و کشمیر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل ایس پی ویدنے بتایا کہ شہید ایس ایچ او کی شناخت سب انسپکٹر فیروز کے طور پر ہوئی ہے،وہ پلوامہ کے رہنے والے تھے۔