کٹھوعہ معاملے کے ملزمان کو گرداس پور جیل میں کیا جائے ٹرانسفر:سپریم کورٹ
نئی دہلی،10؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے کٹھوعہ عصمت دری اور قتل معاملے کے ملزمان کو کٹھوعہ کی ضلع جیل سے پنجاب کی گرداس پور جیل منتقل کرنے کا حکم جموں کشمیر حکومت کو دیا۔
چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس دھننجے وائی چندرچوڑ اور جسٹس اند ملہوترا کی بنچ نے جموں کشمیر پولیس کو آٹھ ہفتوں کے اندر اندر اس معاملے میں اضافی چارج شیٹ دائر کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے اس معاملے میں زیریں عدالت کے حکم سے غیر مطمئن محسوس کرنے والے فریقوں کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کرنے کی چھوٹ دی۔یہی نہیں بنچ نے پنجاب اور جموں کشمیر پولیس کو ہدایت دی کہ اس معاملے کی سماعت کر رہے زیریں عدالت کے جج اور مخصوص پبلک پراسیکیوٹر کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے۔
عدالت نے کہا کہ جموں و کشمیر سرکار کو اپنے خرچ پر اس بات کا یقین کرنے کا حکم دیا کہ وہ اس معاملے میں گرداس پور جیل میں بند ملزمان کے اہل خانہ کی ملاقات کرائے گی۔