قرآن کریم کی مبینہ بے حرمتی کے ملزم عآپ ممبر اسمبلی نریش یادو کوملی ضمانت
نئی دہلی، 30؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی کے مہرولی سے عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی نریش یادو کو ضمانت مل گئی ہے۔نریش یادو کو سنگرور کے سیشن کورٹ سے ضمانت ملی ہے۔ممبر اسمبلی نریش یادو کو24؍جولائی کی رات پنجاب پولیس نے دہلی کے وسنت کنج علاقے سے گرفتارکیاتھا۔اس کے بعد عدالت نے انہیں2 دن کی پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا تھا۔نریش یادو پر 24؍جون کو پنجاب کے مالیرکوٹلہ میں قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے اور تشدد بھڑکانے کا الزام ہے ،حالانکہ نریش یادو اس کو اپنے خلاف سازش بتارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب وہ پوچھ گچھ کے لیے تیار تھے، تو پھر ان کو گرفتار کیوں کیاگیا ؟۔دراصل اس معاملے میں پہلے ہی گرفتار کئے جا چکے وجے نامی شخص نے پولیس کے سامنے دعویٰ کیا تھا کہ تشدد بھڑکانے کے لیے نریش یادو نے اسے ایک کروڑروپے کی پیشکش کی تھی ۔