جموں و کشمیر:ہندوستانی فوج نے پاکستان کے7جوانوں کومارگرایا
سری نگر،15؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی فوج نے پاکستان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پڑوسی ملک کے سات فوجیوں کو مار گرایا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی چار چوکیوں کو بھی نیست و نابود کردیا گیا ہے ۔ قبل ازین ہندوستانی فوج نے جموں و کشمیر کے دولنجہ میں پیر کو علی الصباح دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چھ دہشت گردوں کو مار گرایا ۔جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ہفتہ کو پاکستان کی جانب سے گولہ باری میں ایک ہندوستانی فوجی کی شہادت کے بعد ہندوستانی فوج نے یہ جوابی کارروائی کی ۔ ہندوستانی فوج نے اس کارروائی کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ پونچھ میں مینڈھر سیکٹر کے کوٹلی میر پور میں اس کارروائی کو انجام دیا گیا ۔ ادھر ذرائع سے ملی خبر کے مطابق ہندوستان نے پاکستان کی چار چوکیوں کو بھی نیست و نابود کردیا ۔اسی درمیان پاکستانی فوج نے اپنے چار فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے ۔پاکستان کے انٹر سروسیز پبلک ریلیشنز آئی ایس پی آر کی جانب سے دی گئی معلومات میں کہا گیا ہے کہ جب پاکستان کے فوجی لائن کمیونیکیشن کی مرمت میں مصروف تھے ، تبھی ہندوستان کی جانب سے بھاری گولہ باری کی گئی ، جس میں اس کے چار جوان شہید ہوگئے۔