جموں و کشمیر:سانبہ میں بھیانک سڑک حادثہ، 5 ہلاک اور 8 دیگر زخمی
جموں،25؍مئی(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر گگوال کے نزدیک گذشتہ رات پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک بچہ سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں سے پنجاب کی طرف جارہی ایک گاڑی گذشتہ رات قریب دو بجے سانبہ کے گگوال میں پارپیٹ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوئے۔
پانچ میں سے چار مہلوکین کی شناخت 30 سالہ لب پریت سنگھ ولد سندھو سنگھ، 30 سالہ پنو زوجہ اترس، وینو زوجہ رام پال اور 60 سالہ گیتا دیوی زوجہ کشمیرا لال کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک سالہ بچے کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ زخمیوں کی شناخت 23 سالہ راہل ولد کشمیرا لال، 24 سالہ اترس ولد وجے ماشی، 30 سالہ راجو ولد یوساف ماشی، 25 سالہ نیتو ولد راہل ، 45 سالہ روپ سنگھ ولد سوہان سنگھ اور 26 سالہ مانو ولد رام پال کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔