جموں و کشمیر: کولگام میں مسلح تصادم میں تین جنگجو ہلاک
جموں وکشمیر،10 ؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے کیلم علاقہ میں جاری مسلح تصادم میں اب تک تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم جاری ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح تصادم کے حاشیہ پر مقامی لوگوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھڑک اٹھی ہیں۔ فورسز نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور چھرے والی بندوقوں کا استعمال کیا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع کولگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ اس کے علاوہ سری نگر اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس بھی معطل رکھی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جاری مسلح تصادم میں اب تک تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے کیلم نامی علاقہ میں جنگجو?ں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 9 آر آر، ایس او جی اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں اتوار کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوؤں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین مسلح تصادم جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے ایک وسیع علاقے کا محاصرہ کیا گیاہے۔