بنگلہ دیش میں 26 افراد کو موت کی سزا
ڈھاکہ،16جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایک بنگلہ دیشی عدالت نے سیاسی مخالفین کے قتل کے ایک مقدمے میں چھبیس افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ جج سید عنایت حسین نے اس مقدمے میں ملوث مزید نو افراد کو سات سے لے کر سترہ برس تک کی قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ ان تمام افراد کو اغوا اور قتل کے جرم میں قصور وار قرار دیا گیا ہے۔ اپریل 2014میں حکمران جماعت عوامی لیگ کے ایک با اثر سیاستدان نے سلامتی کے ایک ادارے کے ذریعے سات سیاسی مخالفین کو قتل کروایا تھا۔ سزائے موت پانے والوں میں سریع الحرکت دستے آر اے بی کے کمانڈر طارق سید بھی شامل ہیں۔ طارق کے داماد وزیراعظم شیخ حسینہ کی کابینہ کے رکن ہیں۔