یلاپور میں لاری اور اومنی کی خطرناک ٹکر؛ دو ہلاک، تین شدید زخمی
بھٹکل 26/جولائی (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے یلاپور میں لاری اور اومنی کے درمیان ہوئی خطرناک ٹکر میں اومنی پر سوار دو لوگوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ بدھ کی شام کو کیروتی نیشنل ہائی وے 63 پر پیش آیا۔
مرنے والوں کی شناخت دیوی جیو مراٹھی (50) اور سُومنا منجوناتھ مراٹھی (19) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت منجوناتھ مراٹھی (26)، گوند مراٹھی (50) اور اومنی ڈرائیور ناگراج بڈگی (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ان سبھوں کا تعلق سرسی کے دیون ہلّی سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اومنی پر سوار سبھی لوگ یلاپور کے کیروتی اسپتال میں علاج کے بعد واپس سرسی لوٹ رہے تھے جبکہ لاری یلاپور سے ہبلی جارہی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق لاری ڈرائیور کی لاپرواہی سے یہ حادثہ پیش آیا جو کافی تیزی کے ساتھ اومنی کار سے ٹکراگئی تھی۔ ٹکر میں اومنی کار کے بھی پرخچے اُڑگئے ہیں۔ حادثے کے فوری بعد لاری ڈرائیور فرار ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی یلاپور پولس جائے وقوع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کواسپتال پہنچایا۔ بعد میں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے لے جایا گیا۔ یلاپور پولس انسپکٹر منجوناتھ نائیک، پی ایس آئی ایم ایس ہوگار بھی جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کاجائزہ لیا اور ضروری کاروائی کی۔
یلاپور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔