بیندور کے قریب اوتینانی میں لاری اور کار کی خطرناک ٹکر؛ کار پر سوار ماں اور بچی چل بسی، دیگر دو شدید زخمی
بھٹکل 16/اکتوبر (ایس او نیوز) پڑوسی ضلع اُڈپی کے بیندور کے قریب اوتنینانی نیشنل ہائی وے پر ہوئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں ماں اور اس کی تین ماہ کی بچی اللہ کو پیاری ہوگئی۔ انا للہ و اناالیہ راجعون، جبکہ اس کا شوہر اور چار سالہ لڑکا شدید زخمی ہوگیا جنہیں کنداپور اور اُڈپی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ حادثہ اتوار کی شام کو پیش آیا جب ایک ہی فیملی کے یہ لوگ ہوناور سے کنداپور جارہے تھے کہ اوتینانی میں ایک تیز رفتار ٹرک سے ان کی کار کی ٹکر ہوگئی۔
مرنے والوں کی شناخت ہوناور تعلقہ کے کاسرکوڈ ٹونکا کی رہنے والی بی بی سارہ (25) اور اس کی تین ماہ کی بچی بی بی فاطمہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثے میں بی بی سارہ کا شوہر سلمان کویا (34) اور ان کا چار سالہ لڑکا رازق شدید زخمی ہے۔ سلمان کو کنداپور میں اور رازق کو نازک حالت میں اُڈپی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بچی کی پیدائیش کے بعد سلمان اپنی اہلیہ اور ننھی بچی بی بی فاطمہ کو ٹونکا سے اپنے گھر کنداپور لے جارہا تھا، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
میت اس وقت بیندور سرکاری اسپتال میں ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔
بیندور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس حادثے کی چھان بین کررہی ہے۔