کشتواڑ ٹھکرائی سڑک حادثہ میں 16 افراد جاں بحق 17 زخمی
کشتواڑ،15؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) صوبہ جموں کے ضلع کشتواڑ ٹھکرائی میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 17شدید طور زخمی ہوگئے۔ حادثہ صبح 10 بجے کے قریب رونما ہوا جب کشتواڑ سے کیشوان کی طرف جا رہی منی بس ٹھکرائی کے مقام پر حادثہ کا شکار ہو گئی۔ منی بس سڑک سے تقریباً ایک ہزار فٹ گہری کھائی دریائے چناب میں جا گری جس کے نتیجہ میں 16 لوگوں کی موت موقع پر ہی ہوگئی۔پولس ذرائع کے مطابق کشتواڑ سے کیشوان کی طرف جارہی منی بس ٹھکرائی کے مقام پر حادثہ کا شکار ہو گئی اور دریائے چناب میں جاگری۔ اس کے نتیجہ میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کی خبر پھیلتے ہی جموں کشمیر پولس ،فوج و مقامی رضاکاروں کی ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بچاؤ مہم شروع کی اور زخمیوں کو فوری طور علاج معالجہ کے لئے ضلع اسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا تھا جن میں سے11 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ آخری اطلاع ملنے تک 11 زخمیوں کو جہاز کے ذریعے میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ماہ کے اندر ہی کشتواڑ میں یہ تیسرا بڑا سڑک حادثہ ہوا ہے۔ اس سے قبل مچیل پاڈر یاترا پر جا رہی دو گاڑیاں حادثہ کا شکار ہوئی تھی جس میں دو درجن کے قریب لوگ جاں بحق ہوئے تھے۔